جنرل باجوہ اور فیض حمید کو قومی اسمبلی میں طلب نہیں کیا جاسکتا: وزیر قانون

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی قومی اسمبلی طلبی سے متعلق خبروں پر بات کی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ جنرل باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو قومی اسمبلی میں طلب نہیں کیا جاسکتا کیونکہ منتخب نمائندوں یا کابینہ کے اراکین کے علاوہ کوئی شخص قومی اسمبلی کے فلور پر نہیں آسکتا مگر انہیں قائمہ کمیٹیوں میں طلب کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں شامل ساری جماعتوں کی مشاورت سے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کیلئے قانون سازی ہوگی۔ واضح رہے گزشتہ ماہ میڈیا سے گفتگو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید باہم ملکر ہم سے قانون سازی کرواتے رہے اور اس کیلئے ہمیں آئی ایس آئی کے میس میں جانا پڑتا تھا۔