اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان کیلئے اچھی خبر،آئی ایم ایف مطمئن،مذاکرات کامیاب،اپریل میں قسط کی منظوری کاامکان روشن ہوگیا۔
وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے تحت آخری اقتصادی جائزہ مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی،مشن کو معاشی کارکردگی پر مطمئن کرلیا ،پاکستان کےلئے 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط کی منظوری کے واضح امکانات ہیں، ایگزیکٹو بورڈ اپریل میں قسط منظور کرسکتا ہے،معاہدے کی کامیابی کا حتمی اعلان آئی ایم ایف اعلامیے کے ذریعے کرے گا،ذرائع کے مطابق موجودہ پروگرام کی تکمیل کے بعد پاکستان آئی ایم ایف سے 4 سال کے نئے پروگرام کا بھی خواہشمند ہے، قرض کی مالیت ساڑھے 7 ارب ڈالرز ہوسکتی ہے۔
ادھر حکام وزارت خزانہ نے کہامذاکرات کی کامیابی میں کوئی ڈیڈلاک یا رکاوٹ نہیں ،حکومت نے آئی ایم ایف کے اہداف پورا کرنے میں بروقت وسنجیدہ اقدامات کیے اورمعاشی اصلاحات کاتسلسل برقرار رکھنے کایقین دلادیا۔
دریں اثناوزیر خزانہ اورنگزیب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ،ٹیکس انتظامیہ اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری سمیت پاکستان کے اصلاحاتی اہداف کو پورا کرنے کےلئے مزید امریکی تعاون و حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سفیر نے آئی ایم ایف کےساتھ موجودہ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کو مکمل کرنے کےلئے امریکی حکومت کی حمایت کی یقین دہانی کرائی اورباہمی دلچسپی کے شعبوں میں پاک امریکہ اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم پر زور دیا۔
آئی ایم ایف مطمئن،مذاکرات کامیاب،اپریل میں قسط کی منظوری کاامکان روشن



















