پرویز الٰہی اڈیالہ جیل کے واش روم میں گرگئے، ہڈی فریکچر،غیر قانونی بھرتی کیس میں فرد جرم موخر

لاہور:(کورٹ رپورٹر)سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اڈیالہ جیل کے واش روم میں گرگئے، ہڈی فریکچر، ڈپٹی سپریٹنڈنٹ اڈیالہ طاہر نے میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔

اینٹی کرپشن عدالت لاہور نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس پر سماعت کی تو جیل حکام نے پرویز الٰہی کو پیش نہیں کیا،ملزموں کی تعداد پوری نہ ہونے کے باعث فرد جرم موخر کرد ی گئی۔

اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپریٹنڈنٹ طاہر نے پرویز الٰہی کی میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا سابق وزیراعلیٰ 17 مارچ کو واش روم میں گرگئے ،معمولی فریکچر ہوا ،اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد بھٹہ نے مزید سماعت 4 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے کہا چلیں آپ کی رپورٹ کو فیصلے کا حصہ بنا دیتے ہیں، عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کےلئے ملزموں کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔