معاشی ترقی،مہنگائی ،غربت میں کمی ،روزگار کی فراہمی پر مشتمل روڈمیپ فائنل

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) حکومت نے معاشی ترقی،مہنگائی ،غربت میں کمی ،روزگار کی فراہمی پر مشتمل 5 سالہ روڈمیپ فائنل کرلیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس ہوا ،معاشی ترقی کیلئے آئندہ 5سال کا معاشی روڈمیپ پیش کیا گیا،مہنگائی ،غربت میں کمی اور روزگار کی فراہمی روڈمیپ کا حصہ ہے، وزیراعظم نے کہامعیشت کے مختلف شعبوں کے تمام سٹیک ہولڈرز سے پلان پر عملدرآمد کیلئے مشاورت اوروقت ضائع کئے بغیر معیشت کے استحکام و ترقی کیلئے منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

شہبازشریف نے کہازراعت، لائیو سٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بیرونی سرمایہ کاری، چھوٹے و بڑے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی کی استعداد میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں،حکومتی اخراجات کو کم کریں گے،منصوبوں پر عملدرآمد کا شیڈول بنا کر پیش کیا جائے،غریب عوام کے پیسے کو مزید ضائع نہیں ہونے دونگا،آئندہ 5 برس میں معیشت کو استحکام دے کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

وزیر اعظم نے کہاڈیجیٹلا ئزیشن و جدت سے محصولات بڑھائیں گے،زرعی شعبے میں بھی جدت سے فی ایکٹر پیداوار بڑھائیں گے،نقصان میں چلنے والے حکومتی اداروں کی ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کی جائے گی،اجلاس کو معاشی ترقی کیلئے روڈ میپ و کلیدی شعبوں میں مجوزہ اقدامات سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، بجلی، زراعت و لائیو سٹاک، برآمدی شعبہ، درمیانے و چھوٹے پیمانے کی صنعت، ٹیکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری و نجکاری پر بریفنگ دی گئی،شہبازشریف نے مجوزہ اقدامات پر تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کردی۔