اسلام آباد :(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے کہاہے حکومتی الزامات جھوٹ کاپلندہ ہیں،یورپی یونین کو کوئی خط لکھا نہ ہی لکھنے کا کوئی ارادہ ہے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہامینڈیٹ چرا کر ملک پر قابض ہونے والے حب الوطنی کا درس دے رہے ہیں، وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس جھوٹ، لغویات اور الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں، زبردستی ملک پر قابض ہونے والے دوسروں کو حب الوطنی کا درس دے رہے ہیں، تحریک انصاف مقبول ترین جماعت ہے جو وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندگی کرتی ہے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا بانی پی ٹی آئی کی آئی ایم ایف پروگرام کی کامیابی کےلئے کاوشیں سب کے سامنے ہیں، اسحاق ڈار کی نااہلی آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل میں تاخیر کاسبب بنی اور بانی پی ٹی آئی کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے دوسری قسط جاری کی گئی،پی ٹی آئی وفاق کی تمام اکائیوں کی نمائندگی کرتی ہے۔
ترجمان نے کہا پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) پارٹ ٹو کے تمام تجربہ کار وزرا کا مقصد قومی فلاح نہیں بلکہ قومی خزانے سے اپنی تجوریاں بھرنا ہے، جعلی فارم 47 کی سرکار گھسی پٹی سیاست کی روایت ترک کر کے اپنی مختصر حکومت کا محور ملک و قوم کی فلاح و خوشحالی کو بنائیں تو بہتر ہو گا۔
دریں اثنا بیرسٹر گوہر نے کہامذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، بات چیت کے دروازے بند نہیں کیے،دہشتگردی سیریس مسئلہ ہے، نہیں چاہتے ملک میں کسی قسم کی دہشتگردی ہو۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاحکومت کےساتھ کس بات پر مذاکرات کریں؟ پارلیمان میں بات کرتے ہیں تو مائیک بند کردیئے جاتے ہیں،کوشش کرتے ہیں برف پگھلے اور آگے بڑھیں لیکن حکومتی اقدامات دوراہے پر لے جارہے ہیں، کوشش ہے پارلیمان میں بات کرکے آگے بڑھیں،موجودہ کابینہ میں بھی نگران سیٹ اپ کے ہی لوگ لائے گئے ۔
یورپی یونین کو خط لکھا نہ ہی ارادہ،مذاکرات پر یقین،دروازے بند نہیں کیے،پی ٹی آئی

















