صدارتی الیکشن،زرداری،اچکزئی میں ون ٹو ون مقابلہ،پیپلز پارٹی کا نمبر گیم پورا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پیپلز پارٹی کو بڑی کامیابی،صدارتی انتخاب کےلئے نمبر گیم پورا کرلیا،پی پی ذرائع کے مطابق آصف زرداری کو 345 الیکٹورل ووٹوں کی حمایت حاصل ہوگئی ۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے صدارتی مہم کمیٹی کے اراکین یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ ،نوید قمر نے ملاقات کی، کمیٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہان ،ق لیگ، بلوچستان عوامی پارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی کی حمایت حاصل ہوگئی، صدارتی انتخاب کیلئے نمبر گیم پورا ہوگیا، آصف زرداری کو 345 ووٹ ملیں گے۔

دریں اثناچیئرمین سینٹ صادق سنجرانی سے حکومتی مذاکراتی وفد نے ملاقات کی، حکومتی وفد نے صدارتی انتخابات پر حمایت مانگی، خالد مگسی نے یقین دہانی کرائی صدارتی انتخاب میں آصف زرداری کو ووٹ دینگے۔

ادھربلوچستان نیشنل پارٹی نے صدارتی امیدوار محمود اچکزئی کی حمایت کا اعلان کردیا،کوئٹہ میں بی این پی مینگل کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈووکیٹ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بلوچستان نیشنل پارٹی سیاسی و جمہوری جماعت ہے ،آئین و قانون کی بالادستی کیلئے صدارتی انتخاب میں محمود اچکزئی کی حمایت کریں گے،دوسری جانب الیکشن کمیشن نے صدارتی انتخاب کےلئے امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کردی ،آصف زرداری اورمحمود اچکزئی میں ون ٹو ون مقابلہ ہوگا، پولنگ 9مارچ کو پارلیمنٹ ہاﺅ س اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10سے سہ پہر 4بجے تک جاری رہے گی۔