وفاقی کابینہ کیلئے مشاورت، اسحاق ڈار وزیر خزانہ، خواجہ آصف کو دفاع کا قلمدان ملنے کا امکان

اسلام آباد (مشرق نیوز) نئی وفاقی کابینہ کی تشکیل کیلئے مشاورت کا عمل جاری ہے، جمعرات کو وفاقی کابینہ کی تشکیل کا امکان ہے، پارٹی کی سینئر قیادت کابینہ کا حصہ ہوگی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی جانب سے وفاقی کابینہ کی تشکیل پر مشاورت جاری ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے پر غور جاری ہے، مذہبی امور کا قلم دان سردار یوسف کو، آئی ٹی کا قلم دان انوشہ رحمن کو ملنے کا امکان ہے۔

اسی طرح عطا اللہ تاڑر کو وزیر اطلاعات، احسن اقبال کو وزیر داخلہ یا پلاننگ کی ذمہ داری اور خواجہ آصف کو وزارت دفاع کا قلمدان سونپے کا امکان ہے۔ اسحاق ڈار وزیر خزانہ، خواجہ آصف وزیر دفاع اور احسن اقبال کو وزیر دفاع بنائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کو کوئی اور اہم عہدہ ملنے کی صورت میں نجی بینک کے سربراہ کو مشیر خزانہ مقرر کیا جائیگا۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کو عشائیہ کی دعوت دیدی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی جانب سے جمعرات کو تمام اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) اور تمام اتحادی پارلیمانی پارٹیوں کو وزیر اعظم ہاوس میں عشائیہ دیا جائیگا۔