قومی اسمبلی:سانحہ 9مئی،سائفر،انتخابی دھاندلی کی گونج،شدید احتجاج

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)قومی اسمبلی میں سانحہ 9مئی،سائفر،انتخابی دھاندلی کی گونج،پیپلز پارٹی،پی ٹی آئی،ایم کیو ایم نے جوڈیشل انکوائری کامطالبہ کردیا،بلاول بھٹو زرداری کے سائفر تحقیقات کے مطالبے پر اپوزیشن نے احتجاج کیا،شدید نعرے بازی سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کر تارہا۔

چیئر مین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے میثاق مفاہمت کی حمایت و عدالتی اور الیکشن اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاجانتا ہوں سائفر کیا ہوتا ہے، خان صاحب نے خود مانا خفیہ دستاویز کھو دیا ،سب جانتے ہیں سائفر کی کاپی جان بوجھ کر عالمی میڈیا میں شائع کرائی گئی،جب آپ خفیہ دستاویز کو پبلک کرتے ہیں تو قومی سلامتی دا ﺅپر لگتی ہے،9مئی واقعات پر چیف جسٹس کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔

بلاول بھٹو نے کہاقومی اسمبلی کا ایوان سب کا ہے،نظام کو کمزور نہیں، مضبوط کرنے کی کوشش کرنی چاہیے ،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کےلئے گالم گلوچ نہیں، بات چیت کرنا ہوگی، خواہ مفاہمت ہو یا چارٹر آف اکانومی ،بات کرنی چاہیے،احتجاج کے نام پر ایک دوسرے کو گالیاں نہ دی جائیں ،قومی اسمبلی میں تمام تقریریں سرکاری ٹی وی پر لائیو دکھائی جائیں،سیاست کا ضابطہ اخلاق بنالیں گے تو 90فیصد مسائل ختم ہوجائیں گے،میثاق معیشت پر کوئی ایک جماعت فیصلے نہیں کرسکتی ، شہباز شریف موقع دے رہے ہیں آئیں ملکر عوام کو معاشی بحران سے نکالیں۔

چیئرمین پی پی نے کہاسانحہ 9مئی پرعلی امین گنڈاپور نے انکوائری کا مطالبہ کیا،یقین دہانی کرائیں جوڈیشل کمیشن بنوائیں گے تو فیصلہ ماننا پڑےگا، نہیں ہوسکتا کوئی شہدا کی یادگاروں پر حملے اوربھول جائیں،وزیر اعظم سے درخواست کرتے ہیں جوڈیشل کمیشن بنائیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمیشن کے سربراہ بن کر9مئی واقعات کی تحقیقات کرائیں۔

بلاول بھٹو نے کہاسائفر پر بات ہوئی اور بھٹو صاحب سے موازنہ کیا گیا، بھٹو صاحب نے کہا تھا سینے میں ملکی راز لے کر چلا جاوں گا، عمران خان کی گرفتاری کے اگلے دن سائفر بین الاقوامی اشاعتی ادارے میں شائع ہوگیا، کیا آپ سمجھتے ہیں عوام بیوقوف ہیں؟ سائفر کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

چیئرمین پی پی کے خطاب کے دوران اپوزیشن اراکین نے شدید احتجاج کیا، حکومتی ڈائس کے سامنے کھڑے ہو گئے اور نعرے بازی کرتے رہے،ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔

پی ٹی آئی رہنمااسد قیصر نے کہا سائفر پر واضح موقف ہے جوڈیشل کمیشن بنایاجائے، کیا سب سائفر کو جھوٹا نہیں کہتے تھے؟ لیکن پھر اسی کو بنیاد بناکر سزائیں دی گئیں، ملکی سفیر کوڈکٹیشن دیناقومی غیرت پر سوالیہ نشان ہے،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا سائفرحقیقت ہے،حکومت ختم کرنے والوں کاٹرائل ہونا چاہیے،نام کےساتھ بھٹو لگانے سے کوئی بھٹو نہیں بن جاتا، اپنے گریبانوں میں جھانکیں،ملکی دفاع پر کوئی آنچ نہیں دیں گے۔

بعدازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر ایوب ،بیرسٹر گوہر ودیگر نے کہابلاول کے پاس پوری معلومات نہیں، جب عدم اعتماد کی تحریک چلی تب ہی پتہ چلا سائفر ڈاکیومنٹ موجود نہیں،سنبھالنا ملٹری سیکرٹری اور پرنسپل سیکرٹری کی ذمہ داری ہوتی ہے وزیراعظم کی نہیں،عمران خان کےخلاف سارے کیسز جعلی ہیں، زرداری ،نواز شریف کے خلاف بھی گاڑی لینے پر احتساب ہونا چاہیے، لیول پلینگ فیلڈ بنائی جائے۔

دریں اثنا قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما مقبول صدیقی نے کہاشناخت فارم 47نہیں 1947ہے، سنی اتحاد کونسل کے لوگ بات نہیں سمجھتے، شور کی بجائے قانون و آئین کا راستہ اپنایا جائے،شکایتوں و خدشات کے باوجود جمہوری عمل کا حصہ بنے،اپوزیشن کے خدشات دور کرنے کےلئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے۔