بیجنگ، تہران: (مشرق نیوز) نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف کو دنیا بھر سے مبارکبادیں، چینی صدر شی جن پنگ، وزیر اعظم لی کیانگ اور ایران سمیت دیگر ممالک نے نئی حکومت کےساتھ تمام سطح پر باہمی تعلقات و تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کردیا۔
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ شہبازشریف کی قیادت میں پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرےگا اور پاکستان اپنے روایتی دوستانہ تعلقات کو جاری رکھے گا۔ امید ہے پاکستان مزید زیادہ کامیابیاں حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا، تمام شعبوں میں تبادلوں و تعاون کو مضبوط بنانا ہوگا، مشترکہ طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کا اپ گریڈڈ ورژن تعمیر کرنا ہوگا۔ چینی وزیراعظم نے بھی وزیراعظم شہبازشریف کو مبارکباد کا پیغام بھیجا۔
دریں اثنا چینی وزارت خارجہ نے بھارت کی جانب سے پاکستان کا تجارتی سامان قبضے میں لینے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی سامان پر بھارتی دعویٰ غلط ہے، سامان چینی کمپنی نے بنایا، استعمال دفاعی مقاصد کےلئے نہیں ہوسکتا، سامان برآمدی کنٹرول کے تابع نہیں۔
علاوہ ازیں ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے شہبازشریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے باہمی تعلقات میں اضافے کے عزم کا اظہار کردیا۔ وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے بیان میں کہا شہبازشریف کو 24 واں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش اور پاکستان میں امن و سلامتی کےلئے دعاگو ہوں، اسلامی جمہوری ایران پاکستان کی نئی حکومت کےساتھ تمام سطح پر باہمی تعلقات و تعاون بڑھانے کا عزم کرتا ہے۔
دنیا بھر سے مبارکبادیں، شہبازکی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا: چین

















