لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری، پچھلے24 گھنٹوں میں 350 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیرنگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 350 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 137 کیخلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔ پکڑے جانے والے کنکشنوں میں 9 کمرشل، 1 انڈسٹریل، 2 زرعی اور 351 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشن منقطع کرکے ان کو 2 لاکھ 41 ہزار 388 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 85 لاکھ 88 ہزار 935 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانیوالے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشن بھی منقطع کئے گئے اور ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ دوسری طرف انسداد بجلی چوری مہم کو 172 مکمل ہوگئے ہیں۔ اس دوران کل 59706 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 54859 ملزمان کیخلاف مقدمات درج کروا کر 17795 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 83 لاکھ76 ہزار 400 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 2 ارب 99 کروڑ 73 لاکھ 35 ہزار 26 روپے ہے۔ دریں اثناءایکسئین شالامار ڈویژن علی رضا نے ڈویژنل ٹاسک فورس کے ہمراہ مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا ۔دوران آپریشن 40ملزمان کو ڈائریکٹ سپلائی سے بجلی چوری کرتے پکڑاجبکہ ایک زرعی کنکشن بھی بجلی چوری کرتے پکڑا گیا۔موقع پر تمام کنکشن منقطع کر دئےے گئے اور ملزمان کیخلا ف ایف آئی آر کیلئے درخواست متعلقہ تھانوں میں جمع کروا دی گئی ۔محکمہ کی جانب سے ملزمان کو 125000یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں۔ دوسری طرف ڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں مہم کے 167 ویں روز 232نا دہندگان سے32 لاکھ روپے سے زائد کی وصولی کرلی گئی ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ نا دہندگان کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔ علاوہ ازیں چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے اور ٹرانسفارمر ز کے مرمتی عمل کو تیز تر بنانے کیلئے قصور کے بعد شیخوپورہ میں بھی ٹرانسفامر ری کلیمیشن ورکشاپ کا افتتاح کردیا۔ ورکشاپ بننے سے وقت اور سرمایہ کی بڑی بچت ہوگی۔ اس موقع پر انجینئر شاہد حیدر کا کہنا تھا کہ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور شکایات کا فوری ازالہ لیسکو کا نصب العین ہے جس کیلئے تمام پر توانائیوں کو بروئے کار لایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں بھی ادارے کو جدید سہولیات سے ہم آہنگن کرتے رہے ہیں اور اس روایت کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائیگا۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ لیسکو کو نمبر ون کمپنی بنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا: چیف ایگزیکٹو

















