پشاور (مشرق نیوز) پختونخوا اسمبلی میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کا عمل آج ہو رہا ہے جس میں خفیہ رائے شماری کے بعد سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سپیکر منتخب ہو گئے۔ سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی نے 89 ووٹ لئے جبکہ انکے مقابل اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار احسان اللہ میاں خیل نے 17 ووٹ لئے۔ بعدازاں نو منتخب سپیکر خیبرپختونخوا بابر سلیم سواتی نے سپیکر کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ مشتاق غنی نے ان سے حلف لیا۔
قبل ازیں صوبائی اسمبلی کا اجلاس مشتاق غنی کی زیر صدارت ہوا، جس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے رائے شماری ہونی تھی، تاہم جے یو آئی (ف) کی جانب سے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا گیا۔ دوسری طرف ڈپٹی سپیکر کیلئے انتخابی عمل جاری ہے جس کیلئے سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی کا مقابلہ اپوزیشن پی ٹی آئی پی کے امیدوار ارباب وسیم سے ہے۔
علاوہ ازیں خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ڈاکٹر عباد اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے منصب کیلئے انتخاب کل ہوگا۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ڈاکٹر ہشام انعام اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ علی ا مین گنڈاپور آزاد حیثیت سے وزیراعلیٰ کا انتخاب لڑیں گے۔
صوبائی اسمبلی میں اراکین کی تعداد 118 ہو گئی ہے جس میں سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی تعداد 87 جبکہ 6 ارکان آزاد حیثیت سے اسمبلی میں موجود ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کی تعداد 25ہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی، سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سپیکر منتخب، ڈپٹی سپیکر کا انتخاب جاری



















