اسلام آباد: (بیورورپورٹ)لاپتہ بلوچ طلبہ کیس میں نگران وزیراعظم ہائیکورٹ میں پیش،انوار الحق کاکڑ نے کہا لاپتہ افراد کی وجہ سے پوری ریاست کو مجرم تصورکرنا درست نہیں،کون احمق و بےوقوف ہوگا جو جبری گمشدگیوں کی ایڈووکیسی کرےگا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے بلوچ طلبہ لاپتہ کیس پر سماعت کی،سماعت کے آغاز پر اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے روسٹرم پر آکر کہاوزیراعظم انوار الحق کاکڑ عدالت میں موجود ہیں، لاپتہ بلوچ طلبہ کی بازیابی کےلئے کوششیں کی گئیں، 11 مزید طلبہ کو بازیاب کرالیا ، 9 افراد سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہیں، 4 تاحال ٹریس نہیں ہو سکے،2 افراد افغانستان میں ہیں ،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا قانونی عمل میں آنےوالے کورٹ کے مینڈیٹ سے نکل گئے، کیس ہیں تو متعلقہ عدالتیں دیکھیں گی،جسٹس محسن کیانی نے کہا 2 سال میں کئی سماعتیں کیں، بلوچ طلبہ اٹھائے گئے، کچھ لوگ دہشتگرد ہیں، کچھ نے کالعدم ٹی ٹی پی کو جوائن کیا، کچھ لوگ گھروں کو پہنچ گئے ، ریاستی اداروں کو کام کرنا اور جوابدہ بھی ہونا ہے،عدالت نے کہا کیس چلا ہے تو اداروں کی کوششوں سے ہی لوگ گھروں کوپہنچے ، ادارے قانون سے بالاتر یا مستثنیٰ نہیں اگر کسی کو گرفتار کریں تو پتہ ہونا چاہیے، لوگ لاپتہ ہوں تو ریاست پر الزامات لگتے ہیں، انٹیلی جنس اداروں کے سربراہوں پر مشتمل کمیٹی اسی لیے بنائی تھی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کون احمق و بےوقوف ہوگا جو جبری گمشدگیوں کی ایڈووکیسی کرے گا، سب آئین و قانون کے تحت کام کر رہے ہیں، عدالت کے بلانے پر حاضر ہوا ہوں، میرا تعلق بلوچستان سے ہے، مسلح جدوجہد کا سامنا کر رہے ہیں، ریاست اخلاقی طور پر خود کوبالادست سمجھتی ہے تو جوابدہی زیادہ ہوتی ہے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا ایسا نہیں خودکش حملہ آور نیک نامی کا باعث بنتے ہیں، لاپتہ افراد کے معاملے پر پیراملٹری فورسز، کاونٹر ٹیرارزم کے اداروں پر الزامات لگائے جاتے ہیں، لاپتہ افراد کا پوچھیں تو 5 ہزار نام دے دیتے ہیں، متاثرین خود بھی مسئلے کو حل نہیں کرنا چاہتے، پوری ریاست کو مجرم تصور کرنا درست نہیں۔
وزیراعظم نے کہاکوسٹل ہائی وے پر بس میں افراد کو زندہ جلا دیا گیا، کسی کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی یاد نہیں آئی، بسوں سے اتار کر نام پوچھتے ہیں اور چودھری یا گجرکو قتل کر دیتے ہیں، کہتے ہیں طلبہ کی لسانی بنیادوں پر پروفائلنگ نہ کریں، سسٹم میں کمی و خامیاں ہیں، ثبوت نہیں آتا تو کس کو کیسے سزا دیں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہادہشتگردی سے 90 ہزار شہادتیں ہوئیں لیکن 90 لوگوں کو سزا نہیں ہوئی، مجھ سے صحافی نے پوچھا آپ بلوچستان واپس کیسے جائیں گے؟،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا 24 ماہ میں ایک بار بیان نہیں آیا کوئی سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہے، ریاستی اداروں کی ناکامی ہے وہ پراسیکیوٹ نہیں کر سکے، قانون میں سقم ہے اور ثبوت نہیں تو بہتری لانے کی ضرورت ہے، قانون ایک ہی ہے، سب کو اس کے مطابق ہی چلنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا نگران حکومت کا ڈومین نہیں تھا مگر آنے والی حکومت سے درخواست ہو گی معاملے کو دیکھے، ریاست کو آئے دن کے الزمات سے نکالنا چاہیے، ہم نے اور عام شہریوں نے ہتھیار نہیں اٹھائے کیونکہ تحفظ دینا ریاست کی ذمہ داری ہے، ریاست کو ہتھیار اٹھانے والے شہریوں سے الگ طریقے سے ڈیل کرنا چاہیے۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کوئی عدالت نان سٹیٹ ایکٹرز کو تحفظ دینے کا نہیں کہہ رہی،انوار الحق کاکڑ نے کہاانگلینڈ نے شام جانے والی برطانوی خاتون کی شہریت ختم کر کے واپس بھجوا دیا، جج نے کہا بلاشبہ جنگ ہے اور فوج ، ادارے لڑ رہے ہیں،وزیراعظم نے کہانان سٹیک ایکٹرز کی خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ ہوتی ہیں، بلوچستان کے سابق چیف جسٹس کو مغرب کی نماز کے وقت مسلح جتھوں نے شہید کیا تھا،چیف جسٹس صاحب نے انکوائری کی سربراہی کی تھی، آئین ریاست سے غیرمشروط وفاداری کا تقاضہ کرتا ہے،جسٹس محسن اختر کیانی نے نگران وزیراعظم سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ نے بہت اچھی باتیں کیں لیکن بلوچستان جانے کی ضرورت نہیں، اسلام آباد میں بہت کچھ دیکھ رہے ہیں، مطیع جان کھڑے ہیں، دن دیہاڑے اٹھایا گیا۔
انوار الحق کاکڑ نے کہاایسا اقدام جس کسی نے اٹھایا ان کےخلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے،وکیل ایمان مزاری نے کہا جب بات لاپتہ افراد کی ہو تو دہشتگردوں کی طرف چلی جاتی ہے، لاپتہ افراد کے اہلخانہ کیلئے بات بہت تکلیف دہ ہوتی ہے، تاثر درست نہیں ریاست کےخلاف کوئی پروپیگنڈا کر رہے ہیں، اسی ریاست کا حصہ ہیں، کبھی بھی دہشتگردی کو سپورٹ نہیں کرتے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے کامیاب اقدامات کا کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے، کریڈٹ حکومت کو جاتا ہے 59 افراد میں صرف 8 لوگ رہ گئے۔
نگراں وزیراعظم نے کہا لاپتہ افراد کے لواحقین کی بات نہیں کر رہا، مسئلے سے جڑے مسئلے پر بات کی،اٹارنی جنرل نے کہا عدالت نے وزیراعظم کو طلب کیا اور وہ پیش ہوگئے، وزیراعظم نے عدالت میں بیان دےدیا اور معاملہ ختم ہو گیا، معاملہ وزیراعظم ،عدالت کے درمیان تھا، درخواست گزار وزیراعظم کو جواب نہیں دے سکتیں، جسٹس محسن کیانی نے کہا وہ وزیراعظم کو جواب نہیں دے رہیں، مو¿قف تو پہلے سن لیں،ایمان مزاری نے کہا شدت پسندی کی کارروائیوں کی حمایت نہیں کرتے، کمیشن کی رپورٹس موجود ہیں جبری گمشدگیوں میں ادارے ملوث ہیں ،وزیراعظم نے کہا میں ایمان مزاری کے دلائل سے اختلاف کرتا ہوں۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا ہم تو اب ایکشن کی طرف جا رہے ہیں اور آئندہ انٹیلی جنس اداروں کی کمیٹی سے پوچھیں گے ،نگران وزیراعظم نے کہا سمجھتے ہیں اختیار ایگزیکٹو کا ہے، آرڈر کو چیلنج کیا ، نگران وزیراعظم نے کہا سابق چیف جسٹس بلوچستان میں نماز کی ادائیگی کے دوران شہید ہوئے، یو این کا بھی ایک طریقہ ہے، وہ پوچھتے ہیں کون لاپتہ ہوا، وہ پوچھتے ہیں آپ جسٹس محسن اخترکیانی ہیں آپ لاپتہ ہو گئے ،جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دیئے آپ مجھے بتا رہے ہیں مجھے جبری لاپتہ ہو جانا ہے؟۔
نگران وزیراعظم نے کہامیں مثال دے رہا ہوں، میں انوار کا نام لے لیتا ہوں ،جج نے کہا عدالتوں نے بہت بڑے دہشتگردوں کو بھی سزائیں ،بعدازاں عدالت نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو واپس جانے کی اجازت دیدی،جج نے ریمارکس دیئے کیس کی وجہ سے بہت سے مسنگ پرسنز ٹریس ہوئے، آپ کی درخواست پر کارروائی ہوئی، سب نے اپنا کام اور کردار ادا کیا،سی ٹی ڈی کی تحویل میں موجود لوگوں کےکیسز چلیں گے،جسٹس محسن اختر کیانی نے کہاججمنٹ دینا کوئی مسئلہ نہیں تھا، اہم بات ہے لوگ واپس آئے، ری کور ہونے کے بعد کوئی کبھی بھی عدالت میں نہیں آیا، ہمیشہ گلہ رہا مسنگ پرسنز بازیابی کے بعد عدالت نہیں آتے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ٹی ڈی کی تحویل میں افراد کےخلاف مقدمات کی تفصیل درخواست گزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
کون بےوقوف جبری گمشدگیوں کی ایڈووکیسی کریگا،پوری ریاست کو مجرم تصورکرنا درست نہیں:وزیراعظم



















