یاسین ملک بھارتی غلامی کا طوق توڑنے والے عظیم رہنما ہیں: معاون خصوصی وزیراعظم

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ترقی نسواں مشعال حسین ملک نے جدوجہد آزادی کشمیر کی سب سے پائیدار آواز یاسین ملک کو بھارتی جیلوں میں غیر قانونی قید کے 5 سال مکمل ہونے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک بھارتی غلامی کے طوق کو توڑنے کیلئے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کیلئے مشعل راہ ہیں۔یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ انقلابی یاسین ملک کو سفاک بھارتی فورسز نے 2019میں آج ہی کے دن ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا اور انہیں پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں جیل بھیج دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مئی کے آخر میں انہیں دہلی کے بدنام زمانہ تہاڑ جیل منتقل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فاشسٹ بھارتی حکومت نے کشمیر کی جدوجہد آزادی کی سب سے طاقتور آواز کو خاموش کرنے کیلئے انہیں دہشت گردی کے جعلی، غیر سنجیدہ اور من گھڑت مقدمات میں پھنسایا۔ مشعال ملک نے مزید کہا کہ دہلی کی خصوصی عدالت نے یاسین ملک کو انہی فرضی مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائی اور اب نریندر مودی کی حکومت سیاسی انتقام کی اپنی پالیسی کے تحت موت کی سزا سنانی ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ یاسین ملک کی صحت کی مسلسل خرابی اور ان کی زندگی کو لاحق خطرات کے باوجود قید تنہائی میں رکھ کر بنیادی طبی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یاسین ملک کے وکیل کو بھی ان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک کو توڑنے کیلئے تمام ریاستی جبر کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ تاہم ان تمام ریاستی دہشت گردی اور فاشسٹ اور غیر انسانی کارروائیوں کے باوجود وہ اپنے اصولی موقف سے ایک انچ بھی نہیں ہٹے۔ مشعال ملک نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس باشعور قیدی کے لیے آواز اٹھانی چاہیے، جسے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر کے اپنے لوگوں کے لیے پیدائشی حق حاصل کرنے کے واحد جرم میں غیر قانونی طور پر قید کیا گیا ہے۔