بڑا بریک تھرو، پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر رضا مند،معاملات طے

کراچی،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بڑا بریک تھرو، پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ میں شمولیت پر رضا مند،معاملات طے پا گئے۔

ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کی کمیٹیوں کے مذاکرات میں ٹھوس پیشرفت ہونے پرپیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کےلئے رضامندی ظاہر کر دی ، حکومت سازی کے معاملات آخری مراحل میں جاپہنچے،دونوں جماعتوں نے ملکر ملک کو معاشی و سیاسی بحران سے نکالنے کا فیصلہ کرلیا۔

اندورنی کہانی کے مطابق صدر مملکت ،سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے پیپلزپارٹی کو ملیں گے ،چیئرمین سینٹ ،چاروں گورنرز کا فیصلہ بعد میں کیا جائےگا،بلوچستان میں دونوں جماعتیں ملکر حکومت بنائیں گی ،وزیراعلیٰ جیالاہوگا، پیپلزپارٹی پنجاب میں بھی کابینہ کا حصہ بنے گی، 2 یا 3 وزارتیں ملنے کا امکان ہے۔

دریں اثناحکومت سازی کے معاملے پر ن لیگ،پی پی رہنما پیر کودوبارہ بیٹھیں گے،ن لیگی وفد ایم کیو ایم، ق لیگ، استحکام پاکستان پارٹی سمیت دیگر جماعتوں سے بھی ملے گا۔

ادھر مرکزی رہنما ن لیگ خواجہ آصف نے کہاہے وفاق میں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ملکر حکومت بنانے جا رہے ہیں، شہباز شریف کو اتحادیوں سے معاملات طے کرنے کا تجربہ ہے،ماضی میں پیپلز پارٹی ،جے یو آئی کےساتھ شراکت داری رہی ہے،بات چیت کے نئے دور میں پیشرفت متوقع ہے۔

دوسری جانب ترجمان پیپلز پارٹی نے وفاقی کابینہ کاحصہ بننے کی تردید کردی،فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا فیصلے پر قائم ہیں،وفاقی کابینہ کا حصہ بننے کا کوئی ارادہ نہیں،خبریں بے بنیاد ہیں،ن لیگ کوئی اچھی قانون سازی کرے گی توحمایت کریں گے،کمیٹیوں کی روزملاقاتیں ہورہی ہیں، سیاست میں کوئی آخری فیصلہ نہیں ہوتا، ابھی تک فیصلہ کیا ہے کابینہ میں نہیں بیٹھیں گے۔