سابق کمشنر راولپنڈی کابیان9مئی پارٹ ٹو ہے،ن لیگ

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)ن لیگ نے کہاہے انتخابی نتائج تسلیم نہ کرنا پی ٹی آئی کا وطیرہ، سابق کمشنر پنڈی کابیان9مئی پارٹ ٹو ہے،پاکستان کےخلاف ساری سازش بیرون ملک بیٹھ کر کی جارہی ہے، نگران حکومت کس چیز کا انتظار کر رہی ہے، وفاقی ،صوبائی حکومتیں بلوائیوں ،جتھوں کو روکنے کےلئے پیشگی اقدامات کریں، ان خیالات کا اظہار ملک احمد خان، عطا تارڑ اور عظمیٰ بخاری نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے سوشل ورکر ارسلان خالد کے مبینہ وٹس ایپ میسجز کے سکرین شارٹس بھی میڈیا کو دکھائے گئے۔

لیگی رہنماﺅں نے کہاانتشاری اب پاکستان کے سول سٹرکچر پر حملہ آور ہو رہے ہیںاگر کچھ ہوا تو ناکامی کی ذمہ داری نگران حکومت پر عائد ہو گی،بلوائیوں،جتھوں کو نہ روکا تو ریاست پاکستان کابڑا نقصان کریں گے، پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ورکر نے واٹس ایپ گروپ میں سب کو مطلع کیا لیاقت چٹھہ پریس کانفرنس کرنے جا رہے ہیں،کیا آر اوز ، ڈی آر اوز اوراہلخانہ کی تصاویر لگانا دہشتگردی نہیں؟لیاقت چٹھہ نے پریس کانفرنس سے قبل میاں اسلم اقبال سے ملاقات کی ،رابطوں کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں،سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں انارکی پیدا کی جارہی ہے ،ملک متحمل نہیں ہوسکتا،وزیر اعظم ، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب جاگیں۔