بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکلوائیں گے،نامزد وزیراعلیٰ کے پی
پشاور:(بیورورپورٹ)نامزد وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے کہاہے کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ نے ضمیر کی آواز پر انتخابات میں دھاندلی کا اعتراف کر لیا اب بھی دیر نہیں ہوئی، جرم میں شریک باقی آر اوز بھی حق و سچ کا ساتھ دیں۔
مبینہ دھاندلی کےخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا الیکشن کمیشن اپنی اصلاح کرکے انتخابی نتائج درست کرے،کمشنر راولپنڈی کا اعتراف ثبوت ہے قوم جاگ گئی اب ووٹ کے تحفظ کی ذمہ داری سب پر ہے۔
نامزد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا جو اپنی اصلاح نہیں کرےگا وہ قانون کے مطابق سزا کیلئے تیار رہے،سزا دینا پڑے گی تاکہ کوئی کسی کی ماں اور بہن کےساتھ وہ نہ کرے جو دل نہیں مانتا،صحت کارڈ ،لنگرخانے بحال ،سرکاری نوکریاں نہ ہونے پر کاروبار شروع، خواتین کو حقوق دلائیں گے،چادر،چار دیواری کا مکمل احترام یقینی بنایا جائے گا،بانی پی ٹی آئی کو جیل سے باہر نکلوائیں گے۔
دریں اثنا نامزد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے پولیس سے پروٹوکول مانگ لیا ،رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر ایک سکواڈ دیا جاتا ہے، منتخب ہونے کے بعد پروٹوکول کے مطابق سکیورٹی فراہم کردی جائے گی۔



















