پوسٹل بیلٹ پیپر کے ووٹوں کی گنتی کیلئے امیدوار وں کو بلا لیا گیا

لاہور:(رپورٹنگ ٹیم)ریٹرننگ افسروں نے پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ذریعے حاصل کردہ ووٹوں کی گنتی کیلئے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کو مدعو کر لیا۔

الیکشن ایکٹ کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپر کے ذریعے حاصل کردہ ووٹوں کی گنتی کیلئے ہر حلقے کا ریٹرننگ افسر پوسٹل بیلٹ سے امیدواروں کو تحریری طور پر تاریخ و وقت سے آگاہ کرتا ہے، غیر حتمی انتخابی نتائج کے بعد پوسٹل بیلٹ پیپرز کو بھی مجموعی ووٹوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

ایکٹ کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپرز کے سربمہر لفافے حلقے کے امیدوار یا نمائندوں کی موجودگی میں کھولے جاتے ہیں، پوسٹل بیلٹ سے حاصل کردہ ووٹوں کو امیدواروں کے ووٹوں میں شامل کیا جائے گا،ریٹرننگ افسران پوسٹل بیلٹ کی گنتی کے بعد فارم 48کے ذریعے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنے کے پابند ہیں، کم مارجن والے حلقوں میں پوسٹل بیلٹ فیصلہ کن ہوسکتا ہے۔