انتخابی نتائج نامنظور،نواز،مریم،حمزہ ،علیم ،خواجہ آصف ودیگر کی کامیابی چیلنج

اسلام آباد،لاہور، کراچی،پشاور،کوئٹہ :(رپورٹنگ ٹیم)عام انتخابات میں ہار نے والے متعدد امیدواروں نے شکست ماننے سے انکار کردیا،کراچی سے خیبر تک انتخابی نتائج چیلنج کردئیے گئے۔

آزاد امیدوارکے وکیل اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ نے این اے 130 سے قائد نواز شریف کی کامیابی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیاسابق وزیراعظم فارم 45 کے مطابق ہار چکے ، نواز شریف نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا، فارم 45 کے نتائج موجود ہیں، عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہزاد فاروق نے مریم نواز کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیاپریزائیڈنگ افسروں نے فارم 45 نہیں دیا، ریٹرننگ افسر نے عدم موجودگی میں نتیجہ مرتب کر کے جاری کیا،مریم نواز سے جیت چکا تھا مگر دھاندلی کر کے ہرایا گیا، عدالت ریٹرننگ افسر کو فارم 47 دوبارہ مرتب کرنے کا حکم دے اور مریم نواز کی کامیابی کا نتیجہ کالعدم قرار دیاجائے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی کامیابی کیخلاف دائر کی درخواست میںبھی درخواست گزار نے نتیجہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کردی،آزاد امیدوار ریحانہ ڈار نے سیالکوٹ سے خواجہ آصف کی کامیابی اور فارم 47 کا نتیجہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا خواجہ آصف فارم 45 کے مطابق ہار چکے تھے، ریٹرننگ افسر نے مبینہ طور پر خواجہ آصف کو فاتح قرار دیا، فارم 45 کے نتائج موجود ہیں۔


ن لیگی امیدوار سیف الملوک کھوکھر کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا سیف الملوک کھوکھر فارم 45 کے مطابق ہار چکے تھے، لیگی امیدوار نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیا،فارم 45 کے نتائج موجود ہیں، عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کا حکم دے اور الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکے۔

عمر ڈار کی اہلیہ روبا عمر نے موقف اختیار کیافارم 45 کے مطابق جیت چکی ، مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں ہرا کر لیگی امیدوار فیصل اکرم کو فاتح قرار دیا گیا، ریٹرننگ افسر نے پولنگ ایجنٹ کی عدم موجودگی میں رزلٹ مرتب کیا،فارم 45 کے نتائج موجود ہیں، عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کاحکم دے اور الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکے۔

آزاد امیدوار ظہیر عباس کھوکھر نے عطا تارڑ کی کامیابی چیلنج کرتے ہوئے کہاعطا تاڑر فارم 45 کے مطابق ہار چکے ،مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دیامجھے ،وکلا کو پولیس کے ذریعے ریٹرننگ افسر نے آفس سے باہر نکال کرعدم موجودگی میں رزلٹ جاری کیا گیا،علیم خا ن،خالد مقبول صدیقی،یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کو بھی چیلنج کر کے حتمی نتیجہ روکنے کی استدعا کردی گئی۔

آزاد امیدوار شعیب شاہین نے این اے 47 کا نتیجہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیافارم 47 موجود ہے، بھاری اکثریت سے الیکشن جیتے،ہروایا گیا،آزاد امیدوار وں ،میاں محمود الرشید ،حلیم عادل شیخ،ارسلان خالد ،راجہ بشارت،جان شیرجونیجو ،چودھری سلیم صادق ،چودھری یوسف ، سیمابیہ طاہر ،شہریا ر ریاض ودیگر نے بھی مخالفین کی کامیابی کیخلاف عدالتوں سے رجوع کرلیا۔

الیکشن کمیشن نے پی پی 32 سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور این اے64گجرات سے اہلیہ قیصرہ الٰہی کی ریٹرننگ افسروں کے فیصلے کےخلاف درخواست منظور کرلی ،الیکشن کمیشن نے این اے 64 گجرات کا حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روک دیا اورچودھری سالک کو 15 فروری کو طلب کرتے ہوئے آر او سے بھی جواب مانگ لیا،ادھر ذرائع کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی 20حلقوں میں نتائج کےخلاف درخواستوں پر12فروری کو سماعت کریں گے، رجسٹرار آفس نے کاز لسٹ جاری کردی۔