اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے عام انتخابات کے کامیاب انعقاد پر قوم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنے کےساتھ مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے الیکشن کمیشن ، عبوری صوبائی حکومتوں، مسلح افواج، سول آرمڈ فورسزکی کاوشیں قابل تعریف ہیں، آزادانہ انتخابات میں پولیس، انتخابی عملے، میڈیا کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا اہم موقع نہ صرف جمہوری عمل کی لچک و طاقت کا ثبوت بلکہ قوم کے ناقابل تسخیر جذبے کا بھی ہے، عوام کی انتخابی عمل میں شرکت اورجوش و خروش جمہوری مشق کا سنگ بنیاد رہا ، ووٹروں کا زیادہ ٹرن آوٹ ملکی مستقبل کی تشکیل کےلئے عوامی عزم کا واضح اشارہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا ووٹوں کے ذریعے ظاہر ہونے والی آوازیںجمہوریت کی مضبوطی میں کردار ادا کریں گی،عوام نے غیر معمولی ہمت و عزم کا مظاہرہ کیا ،دہشتگردی کے حالیہ واقعات کے بعد قوم کا عزم، انتخابی عمل میں شرکت جاری رکھنادشمن قوتوں کو واضح پیغام ہے،دعا ہے الیکشن پاکستان کے روشن و خوشحال مستقبل کی نوید ثابت ہوں۔
قبل ازیں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اسلام آباد ،راولپنڈی کے مختلف پولنگ سٹیشنز کا دورہ کرکے انتخابی عمل ،ووٹرز کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیااورسہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاملک میں دہشتگردی کی لہر ہے،بہت جگہوں پر سکیورٹی خدشات کے تناظر میں موبائل سروس کی بندش کا فیصلہ کیا گیا ،فیصلے کو کسی غلط نظرئیے سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔
کامیاب الیکشن پر شکریہ!قوم نے دشمنوں کو واضح پیغام دےدیا:وزیراعظم

















