ای روزگار منصوبے سے آئی ٹی ایکسپورٹ میں 10 ارب ڈالر سالانہ اضافہ ہوگا:ڈاکٹر عمر سیف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف کا کہنا ہے کہ ای روزگار منصوبے کی تکمیل سے سالانہ 10 ارب ڈالرز آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوسکے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو اسلام آباد میں ملک کے پہلے ای روزگار مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ ایکسل کنسلٹنگ سروسز کے اشتراک سے قائم مرکز کیلئے 10 ہزار مربع فٹ جگہ مختص کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ای روزگار مرکز میں تمام سہولیات سے آراستہ 100 ورک سٹیشنوں میں ہائی سپیڈ انٹرنیٹ، یوپی ایس،ٹریننگ سینٹر، انفرادی کیبنز، اور سٹارٹ اپس کیلئے آفس رومز ہیں، مرکز کے قیام سے ملک بھرمیں 10 ہزار ای روزگار مراکز کے قیام کے منصوبے کا آغاز ہوگیا ہے اور اس منصوبے کی تکمیل سے سالانہ 10 ارب ڈالرز آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہوسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت یہ مراکز فری لانسرز کی صلاحیت اور آمدنی میں نمایاں اضافہ کرسکیں گے، انہوں نے کہا کہ ای روزگار مراکز کے قیام کیلئے وزیراعظم سکیم کے تحت بلاسود قرضے فراہم کئے جائیں گے اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ ان مراکز کیلئے فری لانسرز کی فراہمی کا ذمہ دار ہوگا۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ وعدے کے مطابق دیگر شہروں میں بھی ای روزگار مراکز تکمیل کے قریب ہیں، ہم نے آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر سے متعلق مشکل ترین فیصلے قلیل مدت میں کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی حکومت کیلئے سازگار ماحول اور ڈیجیٹل پاکستان کا مکمل روڈ میپ بنادیاہے ، پاکستان میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کیلئے ایس آئی ایف سی کے تعاون سے تمام مطلوبہ اقدامات کرنے اور عالمی سطح پر پاکستان کو “ٹیکنالوجی کی منزل” قرار دینے کیلئے تمام دستیاب فورمز کا استعمال کیا گیاہے۔