فوجی تنصیبات پر حملے کا پلان 7 مئی کو زوم میٹنگ میں بنا، سرکاری وکیل

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)اڈیالہ جیل میں9مئی حملہ کیسز کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے کہا فوجی تنصیبات پر حملے کا پلان 7 مئی کو زوم میٹنگ میں بنا، سب بانی پی ٹی آئی کے حکم پر ہوا۔

سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی عمران خان ،شاہ محمود قریشی کوپیش نہیں کیا گیا،سرکاری وکیل سردار عبدالرازق نے کہاشیخ رشید 7 مئی کو ملک سے باہر تھے،زوم میٹنگ میں آئی ایس آئی ،فوجی تنصیبات پر حملے کا پلان بنا،میٹنگ میں کہا گیا زیادہ سے زیادہ لوگ نکلیں، اینٹ سے اینٹ بجادو،بانی پی ٹی آئی کے حکم پر سب ہوا اور پلان کے عین مطابق حملے بھی کیے گئے۔

سرکاری وکیل نے کہا صداقت عباسی ،واثق قیوم عباسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا4 مئی کو چکری ریسٹ ایریا میں بانی پی ٹی آئی نے پلان کو عملی جامہ پہنانے کا فیصلہ کیا،اجمل صابر نے دوران ریمانڈ انکشاف کیا لال حویلی میں بھی میٹنگ ہوئی،جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں صداقت عباسی کا بیان دوران حراست لیا گیا، جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں لیا گیا بیان ٹیکسلا کے مقدمات میں استعمال نہیں ہوسکتا۔