حکومت غیرضروری و جھوٹے مقدمات کا اندراج روکے، سپریم کورٹ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)حکومت غیرضروری وجھوٹے مقدمات کا اندراج روکے،ہر شخص کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بناناججز کی ذمہ داری ہے ،سپریم کورٹ نے اغوا برائے تاوان کے ملزموں کی بریت کا فیصلہ برقرار رکھنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، 8صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس جمال مندوخیل نے تحریر کیا۔

فیصلے میں کہا گیا ججز کی ذمہ داری ہے ہر شخص کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائیں، ججز بغیر کسی خوف، دباو، ایمانداری کےساتھ آئین و قانون پر فیصلوں کے پابند ہیں، ججز کا کام مقدمہ حقائق کے مطابق آئین و قانون کا اطلاق ہے، ملک بھر میں ججز کی تمام خالی آسامیوں پر فوری بھرتیاں کی جائیں، سستا ،فوری انصاف ہر شہری کا آئینی حق ہے، ججز کو کھلے ذہن کےساتھ مقدمات کی سماعت کرنی چاہیے۔

سپریم کورٹ نے کہاکسی جج کے کردار پر شک نہیں، غلط فیصلوں کی کئی وجوہات ہوسکتی ہیں تاہم حقائق و قانون کیخلاف فیصلہ دینے والے جج کیلئے کوئی رعایت نہیں ہونی چاہئے، جج کو صحیح فیصلے تک پہنچنے کیلئے اپنے اختیارات واستعمال کا علم ہونا چاہئے،ناقص تفتیش کی وجہ سے کئی گناہگار بچ اور بےگناہوں کو سزا ہوجاتی ہے، ٹرائل کورٹ کی ذمہ داری ہے آرٹیکلز 9 ،10 اے کے تحت شفاف ٹرائل یقینی بنائے، جرم ثابت نہ ہو رہا ہو تو ٹرائل کورٹ کسی بھی سٹیج پر ملزم کو بری کر سکتی ہے۔

عدالت نے قرار دیا بیشتر مقدمات میں اصل ملزم ناقص تفتیش کی وجہ سے بری ہوجاتے ہیں، کہیں تفتیش ناقص ہوتی تو کہیں گواہوں کا عدم تعاون ملزموں کی بریت وجہ بنتا ہے، گواہوں کے تحفظ کیلئے کوئی مکینزم نہ ہونا بھی عدم تعاون کی بڑی وجہ ہے،مدعی کی جانب سے ذاتی عناد پر زیادہ ملزموں کی نامزدگی بھی قصورواروں کو بچانے کا سبب ہوتی ہے، موجودہ مقدمے میں ملزم 7 سال جیل میں رہے بری تو ہوگئے لیکن بروقت انصاف نہیں ملا، حکومت کا فرض ہے غیرضروری و جھوٹے مقدمات کا اندراج روکے اور یقینی بنایا جائے جھوٹے مقدمات درج کرانے والے بچ نہ سکیں۔