اسلام آباد:(بیورورپورٹ)کاروباری اعتماد میں اضافہ ،روپے کی قدر مستحکم ، کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 77 فیصد کمی ،معاشی ترقی کا 3.5 فیصد کا سالانہ ہدف حاصل کرنے کیلئے دوسری ششماہی میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی کا امکان ہے،وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آوٹ لک رپورٹ جاری کر دی۔
رپورٹ کے مطابق ٹیکس و نان ٹیکس ریونیو میں اضافے کے باوجود قرضوں پر بھاری سود کی وجہ سے معیشت دباو کا شکار ہے،آئی ایم ایف سے ملنے والی 70 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کی قسط ڈالر مارکیٹ میں اعتماد کےساتھ روپے کی قدر میں استحکام بھی لے آئی، پہلی ششماہی میں ٹیکس ریونیو 30 فیصد اضافے سے 4 ہزار 469 ارب، نان ٹیکس ریونیو 116 فیصد بڑھ کر 1979 ارب تک پہنچ گیا،6 ماہ میں مالی خسارہ 43 فیصد اضافے سے 2408 ارب تک جاپہنچا، رواں ماہ مہنگائی ساڑھے 28 فیصد ،اگلے ماہ کم ہوکر ساڑھے 27 فیصد پر آنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پہلی ششماہی میں ترسیلات زر 6.8 فیصد کمی سے 13.4 ارب ڈالر رہی، جولائی تا دسمبر برآمدات میں 7.5 فیصد اضافہ ہوا، حجم 15.3ارب ڈالر رہا، درآمدات 14.7 فیصد کمی سے 25.2 ارب ڈالر رہیں،کرنٹ اکاوٹ خسارے میں 77 فیصد کمی آئی جو 3.6 ارب ڈالر سے کم ہوکر 8 لاکھ ڈالر پر آگیا ،سرمایہ کاری ،زرمبادلہ ذخائر میں بہتری ،زرعی قرضوں کی فراہمی میں اضافہ تاہم نجی شعبے کیلئے قرضوں میں کمی آئی،رپورٹ میں کہا گیا ہے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں معاشی گروتھ 2.13 فیصد رہی، سالانہ معاشی ہدف پورا کرنے کیلئے معاشی سرگرمیوں میں بھی تیزی متوقع ہے،سمندر پار پاکستانیوں کی طرف سے بھجوائی جانے والی ترسیلات زر میں 6.8فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
روپیہ مستحکم،کرنٹ اکاونٹ خسارے میں 77 فیصد کمی،آﺅٹ لک رپورٹ

















