لاہور (خبرنگار) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چووروں کے خلاف آپریشن جاری، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 407ملزمان بجلی چوری میںملوث پائے گئے ۔ وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں407 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،406 بجلی چوروں کے خلاف ایف آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے 170 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ 6افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں13 کمرشل،2 زرعی اور392 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو319132 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت10924790 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ دوسری طرف انسداد بجلی چوری مہم کو144روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل49730 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے49269 ملزمان کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواستیں جمع کروائی گئیں،46292 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر17424 ملزمان کو گرفتار بھی کرکیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک69811699 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2705989526 ہے۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دریں اثناءلیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ڈیڈ ڈیفالٹرزسے وصولی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ لیسکو حکام نے 139 روز سے جاری ریکوری مہم کے دوران مجموعی طور پر75,371 ڈیفالٹرز سے2ارب22 کروڑ روپے کی وصولی کی۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ ڈیڈ ڈیفالٹرز کے باعث ادارے کو نقصان کا سامنا ہے، ان کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہیگا۔ دوسری طرف چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پر پورے ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن تیز کردیا گیا ہے ، اس سلسلے میں ایکسیئن شالیمار کی نگرانی ایس ڈی او واہگہ سراج الدین کاکڑ نے علاقے میں چیکنگ آپریشن کیا ، اس دوران ہانڈو گجراں، سلطان پارک ، نواں پنڈ ، نتھوکی اور وارا ستار کے علاقوں میں 23افراد بجلی چوری کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، ملزمان لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے، لیسکو حکام نے بجلی چوری میں استعمال ہونیوالے تاروں کو قبضے میں لے کر ملزمان کے خلاف 5مقدمات درج کروادیئے ہیں جبکہ ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں26ہزار 204یونٹس چارج کیے گئے ہیں جن کی مالیت 14لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے ۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ انسداد بجلی چوری مہم شروع ہونے کے بعد بجلی کی چوری میں واضح کمی آئی ہے تاہم بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک مہم جاری رہے گی۔
بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلاتفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا :انجینئر شاہد حیدر

















