آٹھ فروری کو خواتین سمیت عوام اپنا حق رائے دہی ضرور استعمال کریں: طاہر اشرفی

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) نمائندہ خصوصی وزیراعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ و چیئرمین علما کونسل طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ خواتین کا ووٹ شرع کے مطابق جائز ہے ووٹ ایک امانت اور گواہی ہے،خواتین کے ووٹ کے بارے میں فتوی ہے کہ خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماءکونسل کا متفقہ فیصلہ ہے کہ خواتین کا ووٹ شرع کے مطابق جائز ہے۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کے ووٹ کے بارے میں فتویٰ ہے کہ خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں عام انتخابات کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ووٹ ڈالنا ہر شہری کا فرض ہے، ووٹ ڈالتے وقت عوام کو امیدوار کی اہلیت، وطن سے محبت اور وفاداری کو بھی دیکھنا چاہیے،8 فروری کو عوام اپنا ووٹ تمام شہری خواتین سمیت ضرور اپنا حق جمہوریت استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کیلئے ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ علیحدہ ہوتی ہے۔انہوںنے کہاکہ خواتین کا ووٹ ڈالنا ایک امانت اور گواہی ہے اس حوالے سے علماءکونسل اکابر علماءکا فتویٰ پہلے سے موجود ہے۔