سائفر کیس، عمران ،جج میں شدید تلخ کلامی، قریشی نے فائل ہوا میں اچھال دی

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سائفر کیس کی سماعت میں عمران خان ،جج کے درمیان شدید تلخ کلامی ،قریشی نے سرکاری فائل ہوا میں اچھال دی،اڈیالہ جیل میں خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات نے سائفر کیس پرسماعت کی ،عمران خان کے وکلا کی عدم موجودگی کے باعث گواہوں کے بیانات پر جرح شروع نہ ہوسکی،عدالتی احکامات پر عمران خان ،قریشی کو حکومت کی طرف سے دئیے گئے وکلا پیش ہوئے ،دونوں رہنماﺅں نے حکومت کی طرف سے دئیے گئے وکلا صفائی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

سماعت کے دوران عمران خان ،خصوصی عدالت کے جج میںشدید تلخ کلامی ہوئی ،قریشی نے حکومت کی طرف سے دئیے گئے وکیل صفائی کی کیس فائل ہوا میں اچھال دی،عمران خان نے جج سے مکالمہ کیاجن وکلا پر اعتماد ہی نہیں وہ کیا نمائندگی کریں گے، جج صاحب کیا مذاق چل رہا ہے ؟3ماہ سے کہہ رہا ہوں سماعت سے پہلے وکلا سے ملنے کی اجازت دی جائے، بارہا درخواست کے باوجود وکلا سے مشاورت نہیں کرنے دی جاتی، مشاورت نہیں کرنے دی جائے گی تو کیس کیسے چلے گا،جج نے کہا جتنا آپ کو ریلیف دیا جا سکتا تھا میں نے دیا، وزرش کےلئے سائیکل کی فراہمی یا پھر وکلا سے ملاقات، آپ کی درخواست کو منظور کیا، میرے ریکارڈ پر 75 درخواستیں ہیں جو ملاقاتوں کی ہیں۔

عمران خان نے کہا آپ نے تو آرڈر کیا لیکن ملاقات کرائی نہیں گئی، اوپن ٹرائل میں کسی کو جیل آنے سے کیسے روکا جا سکتا ہے،کیس کی کارروائی اردو میں ہونی چاہیے حکومت کی طرف سے تعینات کردہ وکیل صفائی انگریزی بول رہے ہیں وہ سمجھ ہی نہیں آتی، جو کچھ ہو رہا ہے شفاف ٹرائل کے تقاضوں سے متصادم ہے،تاریخ میں ایسا ٹرائل نہیں ہوا جو اب ہو رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ادھر بھی سرکار ادھر بھی سرکار مذاق ہو رہا ہے،اتنا حق نہیں اپنے وکلا کے ذریعے کیس لڑسکیں؟، جج نے کہا شاہ محمود قریشی صاحب اگر آپ خود جرح کرنا چاہتے ہیں توکر سکتے ہیں، 3مرتبہ تاریخ دی مگر آپ کے وکلا نے آنے کی زحمت نہیں کی،قریشی نے کہاسرکاری ڈرامہ نہیں چلے گا اس طرح سے ٹرائل کی کیا ساکھ رہ جائے گی۔

جج نے جواب دیامیرے لیے آسان تھا میں ڈیفنس کا حق ختم کر دیتا، میں نے پھر بھی سٹیٹ ڈیفنس کا حق دیا اس کسٹڈی کی وجہ سے مجھے جیل آنا پڑ رہا ہے وہ بھی تو کسی ماں کے بچے ہیں جن کے کیس جوڈیشل کمپلیکس میں چھوڑ کر آیا ہوں، میں آرڈر کر کر کے تھک گیا ہوں مگر آپ کے وکیل نہیں آتے، سپریم کورٹ نے حکم نامے میں کہا تھا اگرٹرائل میں رکاوٹیں آتی ہیں تو عدالت ضمانت کینسل کر سکتی ہے،قریشی نے کہاسپریم کورٹ کے ضمانت فیصلے کا بھی مذاق اڑایا گیا، جیل سے باہر نکلتے ہی ایک اور کیس میں اٹھا لیا گیا،جج نے استفسار کیا شاہ صاحب کیس کو لٹکانے کا کیا فائدہ ہے؟ قریشی نے کہا جج صاحب جیل میں کوئی خوشی سے نہیں رہتا، میں اپنا وکیل پیش کرنا چاہتا ہوں سرکاری وکیلوں پر اعتبار نہیں، جج نے کہا آپ اپنے وکیل کو بلا لیں۔

قریشی نے کہا پراسیکیوشن کے نامزد کردہ وکیلوں سے ڈیفنس کرایا جا رہا ہے، ثابت ہوتا ہے فیصلہ خلاف ہوچکا،آپ نے فیصلہ سنانا ہے تو ایسے ہی سنا دیں انصاف کا گلا گھونٹا جا رہا ہے اللہ کا ڈر ہے نہ کسی کو آئین و قانون کا،عمران خان نے خود کو ملنے والے حکومتی وکلا پر طنز کرتے ہوئے کہامان نہ مان میں تیرا مہمان، ان گھس بیٹھیوں کو تو باہر بھیجیں،قریشی نے کہا سرکاری وکیلوں کو طوطا مینا کی کہانی کےلئے بٹھا دیا گیا،نجم سیٹھی نے اپنے پروگرام میں کہا سائفر کیس کا فیصلہ 5فروری تک ہو جائے گا نجم سیٹھی کو عدالت بلایا جائے اور پوچھا جائے کہاں سے انفارمیشن ملی؟۔

جج نے کہا آپ کو نجم سیٹھی کی باتوں پر اعتبار ہے یا عدالت پر؟،پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا سپریم کورٹ کے آرڈر کی روشنی میں ملزموں کی سائفر کیس میں ضمانت خارج کی جائے،جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کہا ضمانت کا معاملہ میں خود دیکھوں گا ،پراسیکیوٹر نے کہا فیئر ٹرائل وہ نہیں جو وکلا صفائی مانگ رہے ہیں فیئر ٹرائل وہی ہے جو قانون میں دیا ہوا ہے۔

قبل ازیں خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کیلئے سرکاری وکلا مقرر کردئیے،دونوں رہنماﺅں کے وکلاپیش نہ ہونے پر عدالت نے سٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر کرنے کا حکم جاری کیا،عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا حقائق و حالات کے پیش نظر اور ملزموں کے وکلا کو کئی مواقع فراہم کیے گئے،عدالت کے پاس اور کوئی چارہ نہیں بچا کہ ملزموں کےلئے سٹیٹ ڈیفنس کونسل مقرر کرے،جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اپنے فیصلے میں کہا سٹیٹ کونسل ملزموں کی نمائندگی کرتے ہوئے گواہوں پر جرح کریں گے،عدالتی فیصلے پر شاہ محمود قریشی غصے میں آ گئے اور جیل کے کمرہ عدالت میں سٹیٹ ڈیفنس کونسل یونس شاہ سے فائل چھین کر دیوار پر دے ماری۔