سائفر کیس: ایڈیشنل سیکرٹری فیصل نیاز ترمذی کا بیان ریکارڈ

اسلام آباد،راولپنڈی (بیورورپورٹ) وزارت خارجہ میں امریکن ڈیسک کے ایڈیشنل سیکرٹری فیصل نیاز ترمذی نے سائفر کیس میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں بیان ریکارڈ کرا دیا،فیصل نیاز ترمذی نے بتایا ستمبر 2020ءسے اکتوبر 2022ءتک وزارت خارجہ میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری امریکہ خدمات سرانجام دیں، 28 مارچ 2022ءکو امریکی ناظم الامور انجیلا ایگلور کی طرف سے ایک واٹس ایپ میسج موصول ہوا، میسج میں کہا گیا تھا کہ وہ ایک دستاویز لے جانا چاہتی ہے جسے 27 مارچ 2022ءکو وزیراعظم نے پبلک ریلی میں لہرایا تھا جس میں مبینہ طور پر پاکستان کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت کا الزام لگایا گیا تھا، انجیلا ایگلور نے اپنے پیغام میں مزید کہا مذکورہ پیغام کو ڈی سی میں اچھا نہیں لیا گیا، میں نے وہ واٹس ایپ پیغام وزیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ کو شیئر کیا، میں نے اس واٹس ایپ پیغام پر سیکرٹری خارجہ کو ایک نوٹ بھی لکھا تھا، مجھے فوری طور پر اس وقت کے وزیر خارجہ کا فون آیا کہ سائفر پیغام کو امریکی ناظم الامور کے ساتھ شیئر نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے کہا 30 مارچ 2022ءکو مجھے ڈائریکٹر ایف ایس او کا فون آیا جس میں کہا گیا مجھے واشنگٹن ڈی سی سے موصول ہونے والے سائفر ٹیلی گرام پر کابینہ کو بریف کرنا ہے کیونکہ اس وقت وزیر خارجہ اور سیکرٹری خارجہ چین کے دورے پر تھے،فیصل نیاز ترمذی نے بتایا سائفر ٹیلی گرام مجھے ڈائریکٹر ایف ایس او نے 2 بجکر 25 منٹ پر دیا جسے میں وزیراعظم آفس لے گیا، کابینہ کو اس پیغام پر بریفنگ دی گئی، بریفنگ کے بعد کابینہ نے کہا سائفر ٹیلی گرام ڈائریکٹر ایف ایس او کو واپس کر دیا گیا ہے،31 مارچ 2022ءکو مجھے قائم مقام امریکی ناظم الامور رچرڈ سنیلسائر کو ڈیمارچ دینے کو کہا گیا، تفتیشی آفیسر نے میرے دو بیانات ریکارڈ کئے تھے مزید برآں سائفرکیس میں خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے وکلا کے مسلسل پیش نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی،سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی، سماعت کے دوران ملزمان کے سینئر وکلا عدالت میں پیش نہ ہوئے اور ان کی جگہ وکلا کے معاونین عدالت میں پیش ہوئے،پراسیکیوٹر ذوالفقارعباس نقوی نے کہا کہ وکلا صفائی نہیں آئے، روز التوا لیں تو ہمیں کس بات کی سزا ہے کہ روز صبح آجائیں، بعض گواہان جرح کیلئے دبئی سے آئے ہوئے ہیں، روز عدالت پیش ہوتے ہیں، آج بھی التواکی درخواست دائرکر رہے ہیں، پتہ نہیں سینئرکونسل کب آئیں گے، وکلا صفائی جرح کرنے سے کتراتے اور تاخیری حربے استعمال کرتے ہیں،معاون وکیل وکلا صفائی نے کہا سینئر وکیل سکندرذوالقرنین کے دانت کی سرجری ہے، ایسا معاملہ نہیں کہ ہم جان بوجھ کر التوا مانگ رہے ہیں جس پر جج نے کہا آپ 3 بار پہلے بھی التوا لے چکے ہیں،کوئی ایک وکیل تو آج حاضر ہوتا، یہ سارے سرکاری ملازمین ہیں،کچھ بیرون ملک سے جرح کیلئے آئے بیٹھے ہیں،جج نے مزید کہا میں بطور جج صبح 9 بجے کا بیٹھا ہوں، اب بہت ہوگیا، ملزمان خود بھی جرح کر سکتے ہیں، ملزمان نے فیملی سے ملاقات اور وکلا سے مشاورت کیلئے وقت مانگا جو عدالت نے دیا، وکلا صفائی نے جرح کیلئے التوا مانگا تو عدالت نے وہ بھی دیا، اب آپ ایک لمبی تاریخ لینا چاہتے ہیں، کس بنیاد پر دیں؟،خصوصی عدالت نے وکلاصفائی کوپیش ہونے کیلئے 2 بار کی مہلت ختم ہونے پرفیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سائفر کیس کی سماعت آج تک ملتوی کر دی۔