سسٹم 2018میں چلا نہ اب چلے گا،بے مقصد الیکشن کمیشن انتشار کے علاوہ کچھ نہیں دیگا:خاقان

راولپنڈی :(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے شفاف انتخابات نہ ہونے کی صورت میںسسٹم 2018میں چلا نہ اب چلے گا،بے مقصد الیکشن کمیشن ملک کو انتشار کے علاوہ کچھ نہیں دیگا۔

اینٹی کرپشن آفس راولپنڈی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا نواز شریف میرے قائد تھے، پارٹی میں اختلاف ہے،انتخاب مقدس عمل ہے، متنازع بنانے سے ملک کا نقصان ہو گا، بدنصیبی ہے اینٹی کرپشن، نیب اور ایف آئی اے الیکشن لڑ رہے ہیں، نیب اور اینٹی کرپشن ملک کے کرپٹ ترین ادارے بن چکے ، دباﺅ ڈال کر ووٹ لینا کوئی سیاست نہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا پاکستان میں موجودہ الیکشن بے مقصد بن چکا ہے جو ملک کو انتشار کے علاوہ کچھ نہیں دے گا،نیب اور اینٹی کرپشن کے ادارے صرف الیکشن اور سیاست میں جوڑ توڑ کیلئے استعمال ہو رہے ہیں، مجھ پر الزام ہے دو سڑکوں کی تعمیر کے ٹھیکے من پسند افراد کو دئیے، محکمے سے پوچھا گیا تو جواب آیا دونوں سڑکیں بنی ہی نہیں، نیب، اینٹی کرپشن کے ادارے ملک کے کرپٹ ترین ادارے بن چکے، ان کا احتساب کون کرےگا،جو الیکشن نہیں لڑ رہے ان کےساتھ یہ ہو رہا ہے، جو الیکشن لڑ رہے ہیں ان کا کیا حال کیا جاتا ہو گا، الیکشن مقدس عمل ہے اس کو متنازع بنانے سے ملک کو نقصان ہو گا، یہ صرف الیکشن کے عمل میں ہراساں کیے جانے کا ایک انداز ہے، نواز شریف میرے قائد تھے، پارٹی پالیسی سے اختلاف ہے جس پر علیحدہ ہوا ہوں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاسسٹم 2018 میں چلا نہ اب چلے گا، نئی جماعت بنانے کا فیصلہ الیکشن کے بعد کرینگے، 1947سے لےکر آج تک ہر الیکشن چوری ہوا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا میں الیکشن میں حصہ نہیں لے رہا، چیف الیکشن کمشنر، وزیراعظم کی ذمہ داری ہے الیکشن کو غیر متنازع بنائیں، الیکشن کرانا حاکم وقت اور ارباب اختیار کی ذمہ داری ہے، آج بھی وقت ہے الیکشن کے عمل کو غیر متنازع بنایا جائے کیونکہ عوام اس الیکشن کے پراسس سے مایوس ہے، الیکشن کے ماحول میں دباو¿ کا اثر ہو گا، ڈالے بھیجیں گے، پرچے کرائیں گے تو نقصان ملک و عوام کا ہو گا،میں نے الیکشن چھوڑا ، سیاست نہیں ، الیکشن آئینی ضرورت ہے، الیکشن کو بامقصد اور مسائل کے حل کا ذریعہ بنانا سیاسی لیڈرشپ کا کام ہے لیکن بدقسمتی سے ملک کی تینوں بڑی پارٹیاں ناکام ہو چکی ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا ملک کی پولیٹیکل لیڈرشپ، ملٹری لیڈر شپ اور جوڈیشل لیڈر شپ ٹیبل پر بیٹھے اور آگے کے راستے کا تعین کرے، ایک ٹیبل پر بیٹھ کر آگے کے راستے کا تعین کریں ورنہ ملک کا چلنا مشکل ہے۔

قائد ن لیگ کی ڈیل کے تحت واپسی کے سوال پر خاقان نے کہاہر شخص سوال کرتا ہے لیکن مجھے ڈیل کا علم نہیں، پاکستان میں ہر آدمی سمجھتا ہے معاملات ڈیل سے طے ہوتے ہیں، ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ آئین کا بیانیہ تھا، آئین کہتا ہے ووٹ کو عزت دو، اس کی نفی کریں گے تو نقصان اٹھائیں گے، پہلے بتا دیا تھا ن لیگ کے ٹکٹ سے الیکشن لڑوں گا نہ ن لیگ کےخلاف لڑوں گا،9 مئی کے واقعات سے متعلق سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا 9 مئی کے واقعے کو ایک سانحہ سمجھتا ہوں، جتھے جب فوجی تنصیبات پر حملہ آور ہوں تو اندرون اور بیرون ملک اس کے اثرات ہوتے ہیں، 9 مئی کہاں ہے، آج تو 9 فروری آنے کو ہے، ذمہ داروں کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی، 9 مئی کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا نہ ہونا پولیس کی ناکامی ہے، شہادتیں اکٹھی کرنا، چالان جمع کرانا، فرد جرم عائد کرنے کی ذمہ داری پوری نہیں ہوئی۔