الیکشن کوریج کیلئے 49غیرملکی صحافیوں کو ویزوں کااجرا

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اطلاعات ونشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے انتخابات پرقیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے،الیکشن کوریج و شفافیت کا جائزہ لینے کےلئے 14ممالک سے میڈیا نمائندے ،مبصرین پاکستان پہنچیں گے، 49غیر ملکی صحافیوں کو ویزے جاری کر دیئے گئے ، 32درخواستوں پر کام جاری ہے، پاکستان میں موجود غیر ملکی میڈیا ہاﺅسز کے نمائندوں کی ایکریڈیٹیشن کارڈز کے حصول کےلئے درخواستیں موصول ہو چکیں، الیکشن کمیشن ،نگران حکومت غیر ملکی مبصرین ،صحافیوں کو مکمل سہولیات فراہم کریں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا بین الاقوامی صحافی و مبصرین نے کراچی، لاہور ،اسلام آباد کےلئے اجازت نامے لئے ،3بڑے شہروں کے علاوہ اگر کوئی غیر ملکی صحافی کسی دوسرے شہر میں جانا چاہے تو کیس بائی کیس جائزہ لیا جائے گا،20جنوری کی تاریخ گزرنے کے باوجود اب بھی الیکشن کمیشن ،وزارت اطلاعات کے متعلقہ ادارے درخواستوں پر غور کر رہے ہیں۔