اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی نااہلی کے کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس میں کہا ہے کہ قاسم سوری پر کیوں نہ آئین شکنی کی کارروائی کا حکم دیا جائے۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت عظمیٰ نے قاسم سوری کو آئندہ سماعت پرذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
سپریم کورٹ نے قاسم سوری کا کیس مقرر نہ ہونے اور اسٹے برقرار رہنے پر رجسٹرار سپریم کورٹ کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے 3 ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت عظمیٰ نے لشکری رئیسانی کو بھی نوٹس جاری کر دیا اور سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی۔ دوران سماعت قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ میری نظر میں تو قاسم سوری کی نا اہلی اور انکے حلقے میں دوبارہ انتخابات کا معاملہ اب غیر موثر ہو چکا ہے۔
لشکری رئیسانی کے وکیل نے کہا کہ قاسم سوری غیر قانونی طور پر عہدے پر براجمان رہے، انہوں نے سٹے پر عہدہ انجوائے کیا، ان سے مراعات اور فوائد واپس ہونے چاہئیں۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے نعیم بخاری سے سوال کیا کہ کیا آپ اس بات سے متفق ہیں؟ اگر آپ اتفاق کرتے ہیں تو بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رہیگا۔ قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری نے جواب دیا کہ الیکشن ٹریبونل نے کہا تھا کہ قاسم سوری نے کوئی کرپٹ پریکٹس نہیں کی۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ہائیکورٹ نے آپکے این اے 265 میں انتخابات دوبارہ کرانے کا کہا۔ قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری نے جواب دیا کہ میرے موکل نے تو استعفیٰ دیدیا تھا۔ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ تو پھر آپ نے اپیل کیوں دائر کی؟ قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 2019 میں فیصلہ معطل کر دیا تھا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ ایسے کیسے کہہ رہے ہیں کہ سپریم کورٹ نے فیصلہ معطل کیا؟ آپ نے سپریم کورٹ سے سٹے مانگا تو دیا گیا ہے، اگر سپریم کورٹ استعمال ہو رہی تھی تو ہم اس غلطی کی تصحیح کرنا جانتے ہیں، اگر کچھ غلط ہوا تھا تو 2018 کا پورا الیکشن نکال کر دیکھیں گے، یہ نہیں ہو سکتا کہ عہدہ انجوائے کیا اور چلے گئے، قاسم سوری نے استعفیٰ کب دیا؟ قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری نے جواب دیا کہ قاسم سوری نے 16 اپریل 2022 کو استعفیٰ دیا تھا۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ جب آپ نے اسمبلی توڑی تب بھی اسٹے پر تھے ناں؟ قاسم سوری نے غیر قانونی طور پر اسمبلی توڑی، قاسم سوری کیلئے 5 رکنی بینچ کے فیصلے میں آرٹیکل 6 کے تحت سنگین غداری کی کارروائی تجویز کی گئی، کیوں نہ قاسم سوری کے خلاف سنگین غداری کی کارروائی کی جائے؟ جس کسی نے بھی آئین کی خلاف ورزی کی اس کو نتائج کا سامنا کرنا ہو گا۔
سپریم کورٹ کے اندر جو ہاتھ گھس گئے ہیں کہ کون سے کیس مقرر ہونے ہیں کون سے روکنے ہیں یہ سلسلہ اب ختم ہو گا، اگر سپریم کورٹ میں کیسوں کے تقرر میں ہیر پھیر ہوتی رہی تو پرانے معاملات بھی درست کریں گے، اب مزید سپریم کورٹ کی ساز باز نہیں ہو گی، سپریم کورٹ کی تباہی میری، آپکی اور عوام کی تباہی ہے، سپریم کورٹ صرف میرا ادارہ نہیں ہے۔
قاسم سوری پر کیوں نہ آئین شکنی کی کارروائی کا حکم دیا جائے: چیف جسٹس پاکستان



















