لیسکو ریجن میںمزید 429کنکشن بجلی چوری میں ملوث ،کرپٹ عناصر ناقابل برداشت ہیں: چیف ایگزیکٹو

لاہور (خبرنگار) وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں429کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے177درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ22ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں8کمرشل،1زرعی اور420ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو349124 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت13784078 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشن بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ لیسکو چیف انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دوسری طرف انسداد بجلی چوری مہم کے دوران بجلی چوری میں سہولت کاری کرنے والے 92 لیسکو اہلکاربھی پکڑے گئے ۔ ترجمان لیسکو کے مطابق67اہلکاروں کو مختلف نوعیت کی سزائیں سنا دی گئیں جبکہ25 کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔ الزام ثابت ہونے پر 22اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کیا گیا، 23 اہلکاروں کی تنرلی کی گئی جبکہ دیگر کو بھی مختلف نوعیت کی سزاﺅں کا سامنا کرنا پڑا۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کی سہولت کاری کرنے والوں میں 56میٹر ریڈر،12اسسٹنٹ لائن مین،8لائن مین اور7 لائن سپرنٹنڈنٹ شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ایس ڈی او بلال کالونی نے کامیاب کارروائی کر کے فیکٹری میں بجلی کی بڑی چوری پکڑ لی ۔ ترجمان لیسکو کے مطابق فاروق آباد بند روڈ کے علاقے میں واقع فیکٹری انتظامیہ سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کررہی تھی، ملزمان نے بجلی چوری کی مد میں محکمے کو 150000روپے کا نقصان پہنچایا ، ملزمان لیسکو کے ہزاروں روپے کے نادہندہ بھی ہیں ۔ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ باغبانپورہ میں مقدمہ درج کروادیاگیا جبکہ ملزمان کو ڈٹیکشن بل کی مد میں 150000روپے بھی چارج کئے گئے۔ دریں اثناءایس ڈی او واہگہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ علاقے میں رات گئے چیکنگ آپریشن کیا، اس دوان سپلائی لائنوں اور میٹروں کو خصوصی طور پر چیک کیا گیا، دوران چیکنگ الحمد گارڈن کے علاقے میں 3 بجلی چوروں کو پکڑ لیا گیا، 2 ملزمان لیسکو کی سپلائی لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کررہے تھے جبکہ ایک ملزم بوگس میٹر کے ذریعے بجلی چوری کرتا پایا گیا۔ لیسکو حکام نے بجلی چوری میں استعمال ہونیوالی تاریں اور بوگس میٹر کو قبضے میں لیکر تینوں ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کردی ہے جبکہ ملزمان کو ڈٹیکشن بل چارج کرنے کیلئے بھی محکمانہ کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر قیادت ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، 134 روز سے جاری مہم کے دوران 46337 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جبکہ 17258 ملزمان کو گرفتاربھی کیا جاچکا ہے۔