نواز شریف کانام ECLمیں ڈالا جائے ہار گیا تو لندن بھاگ جائیگا: عمران خان

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے اگر ہار گیا تو لندن بھاگ جائیگا، 8فروری کو جو سماں ہوگا وہ منظر ہی کچھ اور ہوگا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا انصاف کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا،لوگوں کو اٹھا اٹھا کر سافٹ ویئر اپڈیٹ کیا جاتا ہے یہ سافٹ ویئر اپڈیٹ کے سپیشلسٹ بن چکے ، ویگو ڈالا اٹھا کر لے جاتا ہے پھرپتہ چلتا ہے بندے کا سافٹ ویئر اَپ ڈیٹ ہوگیا۔

سابق وزیراعظم نے کہاپی ٹی آئی کی تمام قیادت کو اڑا دیا، انتخابی نشان تک لے لیا گیا ،امیدواروں کو گندے گندے نشانات دئیے گئے لوگوں کو اٹھا اٹھا کر 9مئی میں ڈالا جا رہا ہے، مریم کے فلیٹس کو کیوں نہیں پوچھا جاتا؟ نواز ،مریم ،زرداری نے توشہ خانہ سے گاڑیاں لیں ،کیوں نہیں پوچھا جا رہا؟۔

عمران خان نے کہا سپریم کورٹ کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دیکھنا ہے،امیدوار انتخابی مہم کےلئے نکلتے ہیں تو اایف آئی آر کٹ جاتی ہے ،تمام تر توجہ پی ٹی آئی کو ختم کرنے پر لگی ہے،افغانستان کےساتھ تعلقات خراب کرلیے گئے ،خارجہ پالیسی پر کسی کی توجہ نہیں ، پلان سی نہیں بتاسکتے ورنہ پھر ویگو ڈالا پہنچ جائے گا۔

بانی پی ٹی آئی نے کہامجھے ویل چیئر سے بائیو میٹرک کراتے گرفتار کیا گیا،نواز شریف کی باﺅ میٹرک ایئرپورٹ پر کی گئی، پاکستان کی بہتری سیاسی استحکام میں ہے،جیل میں موبائل فون سے آزاد ہوگیا ہوں، ریلیکس ہونے کا ٹائم بھی مل جاتا ،ورزش بھی کر لیتا ہوں، قوم کو فیصلہ کرنا ہے غلام بننا ہے یا آزاد قوم، جنگ آزادی کی جنگ ہے کیا ہمیشہ طاقتور کی غلامی کرنی ہے، جب تک زندہ ہوں لڑتا رہوں گا غلامی قبول نہیں کروں گا نواز شریف کیوں خاموش ہے کیونکہ غلامی قبول کرلی۔

عمران خان نے کہااین آر او کےلئے سب پی ڈی ایم میں اکٹھے ہوئے تھے ،پی ٹی آئی کااین آر او لینے والوں سے کسی بھی قسم کا اتحاد نہیں ہوسکتا، پانامہ پیپرز میں نہیں پکڑا گیا تومجھ پر توشہ خانہ کا کیس بنادیا ،جیل میں بیٹھ کر بھی یہی کہتا ہوں کڑے احتساب ،قانون کی بالادستی کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔

دریں اثنا بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی رہنما شیر افضل مروت کو سیاسی سرگرمیاں روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے واپس اسلام آباد طلب کرلیا ،شیر افضل مروت کو اگلے نوٹی فکیشن تک کسی سیاسی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کی ہدایت کردی گئی۔

ادھر انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی کی 12 مقدمات میں ضمانت درخواستوں پرسماعت ہوئی ، ریکارڈ پیش نہ ہونے پرعدالت نے برہمی کا اظہار کیا،عدالت نے آئندہ تاریخ پر تمام 12 کیسوں کا ریکارڈ پیش کرنے اور پراسیکیوٹرز کو دلائل دینے کا حکم جاری کرتے ہوئے سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔