مہاجرین کیساتھ ناروا سلوک ختم ہونا چاہیے،افغانستان ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے:فضل الرحمن

اسلام آباد(بیورورپورٹ) مولانا فضل الرحمن نے کابل میں افغانستان کے نائب وزیراعظم، وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سے ملاقاتیں کیں اور پاک افغان تعلقات پر بات چیت کی،تفصیلات کے مطابق جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے اپنے دورے کے دوران امارت اسلامی افغانستان کے وزیر داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی سے ملاقات کی ہے، اس موقع پر افغان وزیر مہاجرین حاجی خلیل الرحمن سمیت دیگر بھی موجود تھے،افغان وزیرداخلہ خلیفہ سراج الدین نے مولانا فضل الرحمن کے دورہ افغانستان کو خوش آئند قرار دیا اور افغانستان کی داخلی صورتحال پر گفتگو کی، مولانا فضل الرحمن نے خلیفہ سراج الدین کے دونوں ممالک کے درمیان کردار اور کاوشوں کو سراہا،مولانا فضل الرحمن نے ملاقات میں کہا ہمارے دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک کے درمیان داخلی و خارجی استحکام لانا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھے گی تو خوشحالی اور امن آئے گا، پاکستانی قوم افغانستان کے عوام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کےلئے تیار ہے،خلیفہ سراج الدین نے کہا پاکستان کےساتھ داخلی معاملات پر بہترین تعلقات چاہتے ہیں، پاکستان اور افغانستان کی سرحدی امور پر مذاکرات اور باہمی اشتراک سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں، اس موقع پر افغان وزیر مہاجرین خلیل الرحمان حقانی نے پاکستان سے افغان مہاجرین کی بے دخلی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا افغان مہاجرین کےساتھ پاکستان کا ناروا سلوک ختم ہونا چاہیے، افغان مہاجرین کو واپسی کےلئے حکومت پاکستان کو رضاکارانہ طور پر وقت دینا چاہیے تھاجس پر مولانا فضل الرحمن نے کہا پاکستان سے افغان مہاجرین کی بے دخلی کے وقت ناروا سلوک پر ہم نے آواز اٹھائی تھی،مولانا فضل الرحمن نے افغانستان کے نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر سے بھی ملاقات کی،وزیر دفاع ملا یعقوب نے مولانا فضل الرحمن کے دورے کو وقت کی مناسبت قرار دیا،مولانا فضل الرحمن نے کہا پاکستان کے علماءامارت اسلامیہ کے ساتھ ہیں، ہمارہ دورہ جذبہ خیرسگالی کے تحت ہے،نائب وزیراعظم ملا برادر نے کہا امارت اسلامی محفوظ اورپرامن ملک ہے آپ کے دورے کے مثبت اثرات ہوں گے۔