پرانا پولیسنگ سسٹم ختم ،نئے دور کے اطوار کو اپنانا ہوگا:محسن نقوی

لاہور: (خبر نگار،کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں پاکستان پولیس اکیڈمی کے50ویں کامن کے34 زیر تربیت اے ایس پیز نے ملاقات کی۔

محسن نقوی نے زیرتربیت اے ایس پیزسے خطاب کرتے ہوئے کہا پرانے پولیسنگ سسٹم کو ختم کرکے نئے دور کے اطوار کو اپنانا ہونا ہوگا،شہریوں سے اچھا سلوک اور بہتر پولیسنگ اچھے پولیس افسر کی پہچان ہیں اوران پر عمل کرنے سے مشکل سے مشکل کام بھی آسان ہوجاتا ہے،پولیس افسر کو بغیر سفارش کے آئے شہری سے اچھا برتا ﺅکرنا ہے، بہتر پبلک ہینڈلنگ اور پولیسنگ سے ہی پولیس افسر کو اچھی شہرت،اچھا نام اور اچھا کیرئیر ملتا ہے، پولیس اور انتظامی افسران کو شہریوں کے مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے، ینگ پولیس افسر عام آدمی کےساتھ اچھا برتاﺅ اور لگن کےساتھ مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں، 50فیصد کام پبلک ہینڈلنگ اور 50فیصد پولیسنگ کا ہے، مہارت ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا قانون کے مطابق جو کام نہ ہوسکتا ہو اس کےلئے انکار بھی نرمی کےساتھ کیا جانا چاہیے، سب کام نہیں ہوسکتے مگر برتاﺅ اور رویہ اچھا ہونا چاہیے،دفتر میں آنےوالے کسی بھی شخص سے بداخلاقی نہ کی جائے،11ماہ میں 20ہزار سے زائد پولیس افسروں اور ملازمین کو ترقیاں دیں،20برس کے دوران پولیس میں اتنی ترقیاں نہیں دی گئی جتنی 11ماہ میں ہم نے دی ہیں، دیگر محکموں میں 40ہزار سے زائد افسروں اور ملازمین کو پروموٹ کیا گیا، پنجاب بھر میں 737تھانوں کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے، 36تھانوں کی اپ گریڈیشن مکمل ہوچکی ،150تھانے کرائے کی عمارتوں میں تھے،11ماہ میں تھانوں کےلئے سرکاری زمین الاٹ کرنے کا مسئلہ حل کیا، اب ہر تھانہ سرکاری اراضی پر ہوگا، قانون کی عملداری کےلئے بعض اوقات سختی بھی کرنا پڑتی ہے،لوگ 20,20سال سے گاڑیاں چلارہے ہیں لیکن ان کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں،لاہور میں 90فیصد لوگوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہی نہیں تھا۔

محسن نقوی نے کہا پولیس شہدا کی فیملیز کےلئے200کروڑ روپے مختص کیے ہیں، ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر ایس پی یو اور سی ٹی ڈی کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے، پٹرولنگ پولیس نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ کےلئے اچھا کام کیا ، مجھے بریفنگ میں بتایا گیا فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیف سٹی منصوبو ں 100ارب روپے میں بنیں گے لیکن ہم نے اپنے وسائل سے 3شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹس بنانے کا اقدام اٹھایا اور 86ارب روپے بچائے، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میں سیف سٹی منصوبوں صرف 14ارب روپے میں بنائے جارہے ہیں،دیگر 18شہروں میں بھی سیف سٹی منصوبوں پر کام شروع ہوچکا ہے جس پر 4ارب 90کروڑ روپے لاگت آئےگی، امید ہے 21شہروں میں 31جنوری تک سیف سٹی منصوبوں کا افتتاح ہوجائے گا ۔

مزید برآں وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے فوری اقدامات سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کا عمل آسان اور برق رفتار ہو گیا، پنجاب بھر میں مختصر عرصے میں شہریوں نے ریکارڈ ایک کروڑ 15لاکھ لائسنس بنوا لیے، محسن نقوی نے رات گئے پولیس خدمت مرکز لبرٹی کا دورہ کیا، انسپکٹرجنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ بھی ساتھ تھے، انہو ں نے ڈرائیونگ لائسنس کےلئے ٹیسٹ دینے والے شہریوں سے ملاقات کی اور آن لائن ٹیسٹ کا مشاہدہ کیا،وزیر اعلیٰ نے آن لائن ٹیسٹ میں فیل ہونے پر شہری کو دوبارہ تیاری کےساتھ آنے کی ہدایت کی، انہو ں نے شہریوں سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے عمل اور وقت کے بارے پوچھا۔

شہریوں نے پولیس خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کے سسٹم کو سراہا، شہریوں نے خدمت مرکز میں موجود عملے کے رویے اور کام کی بھی تعریف کی، شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اب لائسنس بنوانے میں تاخیر نہیں ہوتی اور نہ ہی انتظار کرنا پڑتا ہے، خدمت مرکز کا عملہ بھی رہنمائی اور بہت تعاون کرتا ہے،وزیراعلیٰ نے ٹوٹی ہوئی ٹائلز کو فوری تبدیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ٹوٹی ٹائلز کی جگہ فوری طور پر نئی ٹائلز لگائی جائیں، محسن نقوی نے خدمت مرکز میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کےلئے فراہم کردہ سہولتوں کی تحسین کی اور انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔