میلبورن (مشرق نیوز) آسٹریلیا نے ایک بار پھر قومی ٹیم کو آوٹ کلاس کرتے ہوئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ اپنے نام کیا اور ساتھ ہی سیریز میں بھی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ میلبورن ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دیئے گئے 317 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز پر آو¿ٹ ہو گئی اور گرین کیپس کو میچ میں 79 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز کا آغاز اوپنر عبد اللہ شفیق اور امام الحق نے کیا، کینگروز کی طرح شاہینوں کی جانب سے بیٹنگ میں اچھی شروعات نہیں ہوئی، عبداللہ شفیق نے صرف 8 کے مجموعی سکور پر مچل سٹارک کی گیند پر عثمان خواجہ کو کیچ دیدیا، وہ صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
امام الحق ہمیشہ کی طرح ناکام ثابت ہوئے اور 12 رنز پر پیٹ کمنز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے تاہم بعدازاں قومی کپتان شان مسعود نے جارحانہ انداز اپنایا مگر قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور وہ 71 گیندوں پر 60 رنز کی باری کھیل کر پیٹ کمنز کا شکار بن گئے۔ سابق قومی کپتان بابر اعظم اس بار بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 41 رنز بنا کر جوش ہیزل ووڈ کی گیند پر کلین بولڈ ہو کر چلتے بنے۔
سعود شکیل 24 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آوٹ ہو گئے، محمد رضوان بھی 35 رنز بنا کر پیٹ کمنز کا شکار بنے جبکہ عامر جمال بھی بغیر کوئی رن بنائے پیٹ کمنز کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور میر حمزہ کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔
کینگروز کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے ایک بار پھر شاندار باولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 پاکستانی کھلاڑیوں کو پویلین کی را دکھائی جبکہ مچل سٹارک کے 4 اور جوش ہیزل ووڈ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
شاہین پردیس میں پھر ڈھیر، میلبورن ٹیسٹ اور سیریز آسٹریلیا کے نام



















