وزیراعظم کافلسطینیوں سے اظہار یکجہتی،سال نو کی تقاریب پر پابندی لگادی

اسلام آباد (بیورورپورٹ)فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی ،وزیراعظم نے نئے سال کی تقاریب پر پابندی کا اعلان کر دیا۔

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے خصوصی پیغام میں کہا اسرائیل کی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، قابض افواج کی جانب سے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، فلسطین کی صورتحال کے باعث پوری قوم رنج وغم میں ہے،امداد کی 2 کھیپ روانہ کی جاچکیں،فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کےلئے سال نو پر تقریبات نہیں ہوں گی، پوری قوم فلسطینیوں کےساتھ یکجہتی کےلئے کھڑی ہے، تمام پاکستانی مظلوم فلسطینیوں کےساتھ اظہار یکجہتی کریں، قوم سے اپیل ہے نئے سال پر سادگی کو ملحوظ خاطر رکھیں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہافلسطین کےلئے امدادی کھیپ کے سلسلے میں اردن ، مصر کےساتھ رابطے میں ہیں، 7 اکتوبر سے اب تک 20 ہزارسے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ،بڑی تعداد بچوں کی ہے،خون ریزی روکنے کےلئے پاکستان بین الاقوامی سطح پر آواز بلند کرتا رہے گا، دعاگو ہوں نئے سال کا سورج امن کا پیغام لےکرطلوع ہو۔

دریں اثناقومی علما کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا پولیو کی جنگ میری ذاتی نہیں سب کی جنگ ہے ،کوئی بچہ پولیو سے متاثر ہوتو مجھے حیا آتی ہے، علماپاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے مقصد کے حصول کےلئے عوام میں شعور اجاگر کریں۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا خواہش ہے علماتمام قومی مسائل پر ایسے ہی اکھٹے ہوں،غزہ میں بچوں کا اجتماعی قتل عام انسانیت کیلئے لمحہ فکریہ ہے،مسلمان کسی مذہب یا پیروکار سے نفرت نہیں کرتا ،ہمیشہ انصاف کیلئے کھڑا ہوتا ہے،پولیو قطروں کوغیر شرعی سمجھنے والے بدبخت ہیں، معاشرے میں فتنے ،انتشار کی کیفیت آگئی ،بنیادی اصولوں کی جانب لوٹ کر آنا ہوگا، وقت کے فتنے کے سامنے کھڑا ہونا ہی بقا ہے۔

وزیراعظم نے کہاآنےوالی نسل کا حق ہے صحت مند زندگی گزاریں،پولیو پر جھوٹی خبریں پھیلائی جاتی ہیں، ذمہ دار گفتگو روکنی چاہیے، سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہنے کی اخلاقی جرات ہونی چاہیے،مسلمان لڑائی کو دعوت نہیں دیتا لیکن لڑنے سے گھبراتا بھی نہیں، غزہ میں 9 ہزار معصوم بچے شہید ہوگئے زندگیاں نہیں بچا پائے، غزہ میں بھیڑیا دندنا رہا اوردنیا میں قابل احترام بن کر پھر رہا ہے، بچوں کا قاتل کیسے قابل احترام ہو سکتا ہے

انوار الحق کاکڑ نے کہاانصاف کی صدا ضرور بلند کرتے رہیں گے،مزید برآںنگران وزیراعظم اہلخانہ سے تعزیت کیلئے سابق سیکرٹری خارجہ ریاض کھوکھرکی رہائش گاہ پہنچے،انوار الحق کاکڑ نے کہاریاض کھوکھر وزارت خارجہ کے باصلاحیت ، منجھے افسر تھے،بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی خارجہ پالیسی و موقف کو احسن طریقے سے اجاگر کیا،خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔