لاہور، اسلام آباد، لاڑکانہ، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد (رپورٹنگ ٹیم+ بیور ورپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف الیکشن لڑنے کیلئے اہل،لاہور سے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے،این اے 130 سے نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی،کسی نے کوئی اعتراض دائر نہیں کیا،ریٹرننگ افسر اصغر جوئیہ نے سابق وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی منظور کیے۔
بعدازاں لیگی رہنما بلال یاسین نے صحافیوںسے گفتگو کرتے کہاآر او کے تمام سوالوں کاجواب دیا،قانون میں دی گئی تمام شرائط پر نواز شریف کا کیس پورا اترتا ہے، ریٹرننگ افسر نے کہا آپ کی طرف سے تمام چیزیں مکمل ہیں،8 فروری کے الیکشن میں نواز شریف کامیاب ہوں گے اور چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بنیں گے،ذرائع کے مطابق کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد نوازشریف الیکشن لڑنے کےلئے اہل ہوگئے ۔
ادھرپی ٹی آئی نے نواز شریف کے کسی بھی حلقے سے کاغذات نامزدگی چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا،سردار لطیف کھوسہ نے کہانوازشریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری پرپی ٹی آئی کوئی اعتراض جمع نہیں کرائے گی، نوازشریف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینا چاہئے۔
دریں اثنا قائد ن لیگ نواز شریف سے مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی قیادت میں وفد نے ماڈل ٹاﺅن میں ملاقات کر کے آئندہ انتخابات ،سیٹ ایڈ جسٹمنٹ پرتبادلہ خیال کیا۔
ساجد میر نے نواز شریف کو کیسوں سے بریت پر مبارکباددیتے ہوئے ملک وقوم کےلئے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا نیب نے سیاسی دشمنی میں آپ پر جھوٹے مقدمات بنائے، قوم نے کیسز کاحشر دیکھ لیا۔
دریں اثناپی پی 158 سے شہبازشریف ، حمزہ شہباز،رمیش سنگھ اروڑا کے کاغذات نامزدگی کی اقلیتوں کےلئے مخصوص نشست اور پیپلز پارٹی کی رہنما ثمینہ خالد گھرکی کے قومی اسمبلی کےلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کر لی گئی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے این اے 194،فریال تالپور کے پی ایس 10 رتوڈیرو ،این اے 233 ضلع کورنگی ایم کیو ایم امیدوار جاوید حنیف ،این اے 246 سے امین الحق ،قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشست کےلئے آسیہ اسحاق ،آزاد امیدوارچودھری نثار سمیت متعدد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی بھی منظورکرلیے گئے جبکہ پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے،ترجمان حلیم عادل نے کہاالیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر قانونی ہے، عدالت میں چیلنج کریں گے، عدالتوں سے انصاف کی امید ہے۔
مزید برآںلاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ نے زرتاج گل کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کےخلاف درخواست خارج کردی،عدالت نے زرتاج گل کی عدم حاضری پر درخواست کو مسترد کیا، زرتاج گل نے این اے 185 ڈیرہ غازی خان سے کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بنچ نے پی ٹی آئی کے اٹک سے کھڑے ہونے والے امیدواروں کے تجویز و تائید کنندگان کے کاغذات سمیت جبری گمشدگیوں پر ڈی پی او اٹک کو طلب کرلیا،عدالت نے ڈی پی کو عدالت میں وضاحت کرنے اور مغویان کو پیش کرنے کا حکم دےدیا۔
نوازشریف الیکشن کیلئے اہل، کوئی اعتراض جمع نہیں کرائینگے،پی ٹی آئی

















