پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجانے والے کو ”معصوم“ کہا جا رہا ہے: جاوید لطیف

لاہور (اپنے رپورٹر سے) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ جس نے پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجا دی اسے معصوم کہا جائے اور جنہوںنے پاکستان کی خدمت کی انہیں پھانسی چڑھا دیں ،ہائی جیکر قرار دیدیں اورتاحیات نا اہل کر دیں ،ہم نے جو پاکستان کی خدمت کی ہے ہمارے لئے بھی دو الفاظ بول دئیے جائیں، پہلے بھی دو تہائی اکثریت حاصل کی تھی اس بار بھی دو تہائی اکثریت کریںگے ،کسی جماعت کو کسی دوسری جماعت سے نہیں بلکہ اسے ووٹرزسے امیدیں لگانی چاہئیں، (ق) لیگ خود وضاحت کر چکی ہے اور استحکام پاکستان پارٹی سے بھی پنجاب میں کوئی اتحاد یا سیٹ ایڈ جسٹمنٹ نہیں ہو رہی ۔ ماڈل ٹاﺅن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ملک و ریاست نے کیپٹل ہل جیسا واقعہ دوبارہ ہونے سے روکنے کیلئے کئی کمیٹیاں بنائیں ہیں لیکن یہاں پر نو مئی کے واقعہ کو ایسے لے کر چل رہے جیسے کچھ ہوا ہی نہیں،اگر نو مئی کوکچھ نہیں ہوا تو آئین ختم کردیں تاکہ کوئی جتھہ جو مرضی کر لے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے کہاتھا اگر حکومت نام کی کوئی چیز ہو تو اس کا فرض ہے ریاست میں کوئی دہشتگردی یا مسلح جتھہ اپنی با ت منوانا چاہے تو ریاست اسے سختی سے کچل دے تاکہ دوبارہ ایسی حرکت نہ ہو سکے،آج تو یہ عالم ہے کہ آج ایک شخص کو بڑی جماعت کا سربراہ کہا جا رہا ہے ،کیا جب ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی ہوئی تھی اس وقت ان کی بڑی جماعت نہیں تھی ، کیا نوازشریف کو ہٹاتے وقت (ن) لیگ بڑی جماعت نہیں تھی ؟۔ انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کو آئین و قانون کے مطابق عدم اعتماد کے ذریعے عہدے سے الگ کیا گیا لیکن وہ معصوم اور ہم ظالم کہلائے ۔ پی ٹی آئی کے لوگوں کی کاغذات نامزدگی کے حوالے سے جو ویڈیوز آ رہی ہیں ،کوئی ادارہ تحقیقات کرے گا کون جعلی تشدد کی ویڈیو بناتا ہے،اگر کسی کے پیپر زچھینے گئے ہیںتو تحقیقات کرکے لوگوں کو سامنے لانا چاہیے وگرنہ پراپیگنڈہ بھی عوام کے سامنے لایا جائے۔ انہوںنے کہا کہ جو لوگ ایک ہفتہ پہلے بات کرتے تھے کہ لیول پلینگ فیلڈ نہیں ہے وہ اب خاموش کیوں ہےں،ان کی خاموشی بتاتی ہے انہوںنے اداروں کو دباﺅ میں لانے کی کوشش کی وہ پوری ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر نو مئی کے اصل منصوبہ سازوںاور مجرموں کو سزا نہیں دینی تو طاقتور اداروں میں جو درجن سے زائد کو سزا دی گئی پھر اسے بھی واپس لے لیں،اگر احتساب کرنا ہے تو سب کا برابر احتساب ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر)بندیال کی ساس اور جسٹس (ر) ثاقب نثار کے بیٹے کی آڈیو زسامنے آئیں، کیا اعلی عدلیہ کے اعلی شخص کی آڈیو کے مطابق عمل نہیں ہوا ؟ ،جسٹس (ر)قیوم ملک کی آڈیو آئی تو کیا اس پر یقین نہیں کیا گیا ،سزا نہیں دی گئی تھی اور سزا ختم نہیں کی گئی تھی۔ انہوںنے کہا کہ جو لاڈلا ہوگا کیا اس کے خلاف ایکشن نہیں ہوگا ، ہمار امطالبہ ہے آئین کو مقدم جانا جائے ،کسی ادارے میں بیٹھ کر کوئی شخصیت کہے فلاں معصوم ہے اور ہمیں سسیلین مافیا کہے کیا یہ لاڈلا پن نہیںہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس نے پاکستان کی اینٹ سے اینٹ بجا دی وہ معصوم ہے ،ذوالفقار علی بھٹو جس نے پاکستان کے دفاع کو نا قابل تسخیر بنانے کی بنیاد رکھی اسے پھانسی چڑھا دیا گیا اورجس نواز شریف نے عملی طو رپر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا اسے ہائی جیکر بنادیا، اگر اداروں کے لوگ نوٹس نہیں کریں گے تو لوگوں میں تقسیم ہوجائے گی جس کا پاکستان متحمل نہیں ہو سکتا۔