لاہور(کورٹ رپورٹر)جسٹس باقر نجفی نے ریمارکس دئیے ہیںالیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کےلئے اقدامات کرے، الیکشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل ریٹرننگ افسر سے فوری رپورٹ طلب کریں اور بتائیں، عدالت آپ کے پیچھے کھڑی ہے عملدرآمد آپ نے کرانا ہے، سپریم کورٹ کے احکامات بالکل واضح ہیں، کوئی ابہام میں نہ رہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں کاغذات نامزدگی جمع نہ کرنے کےخلاف دائر درخواست پر جسٹس باقر نجفی نے قیصرہ الٰہی سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔
جسٹس باقر نجفی نے استفسار کیا آپ کو سپریم کورٹ کے آرڈر کا پتہ ہے،الیکشن کمیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل نے کہا جی چیف سیکرٹری، تمام ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو خطوط لکھے،عدالت نے کہا تو پھر پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کیوں نہیں لیے جا رہے، وقت بہت کم ہے آپ عدالت کے احکامات پر عملدرآمد کریں اگر الیکشن کمیشن خود کام نہیں کرنا چاہتا تو الگ بات ہے، تمام انتظامیہ الیکشن کمیشن کے ماتحت ہے، الیکشن کمیشن اپنے اختیارات استعمال کرے، آپ کو پتہ ہے کیا کچھ ہو رہا ہے؟ الیکشن کمیشن صاف شفاف انتخابات کےلئے اقدامات کرے، شکایات انتہائی سنجیدہ نوعیت کی ہیں،آنےوالی درخواستوں کاریکارڈ بن رہا ہے، عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا تو ڈی پی اوز اور آر اوز کےخلاف توہین عدالت درخواست دائر کریں۔
الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کےلئے اقدامات کرے،لاہور ہائیکورٹ


















