وزیراعلیٰ تجاوزات کیخلاف آپریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کریں: لاہور چیمبر

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو صنعت و تجارت اور معیشت کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے ان پر زور دیا ہے کہ وہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کی آخری تاریخ میں توسیع کریں۔وزیراعلیٰ پنجاب کو لکھے گئے خط میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ دکانیں اور متجاوز حصوں کو گرانے کے بجائے تاجروں کو رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے کا موقع دیا جائے اور تجاوزات کی نشاندہی میں ان کی مدد کی جائے۔ تاجروں کی بڑی تعداد نے لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور سے ملاقات کی اور تجاوزات کے خلاف آپریشن میں مدد مانگی اور حکومت سے ڈیڈ لائن میں توسیع کی اپیل کی۔کاشف انور نے کہا کہ تجاوزات گرانے سے قبل معاملات کا بغور جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تجاوزات سے نمٹنے اور عوامی مقامات کی دیکھ بھال کیلئے حکومتی مہم کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ تاہم تاجروں کو تجاوزات کی تفصیلات سے آگاہ کرنا اور اصلاحی اقدامات کیلئے وقت دینا بھی ضروری ہے۔ اس سے متاثرہ تاجروں کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے صورتحال کو درست کرنے کا موقع ملے گااور ان کے کاروباری بھی متاثر نہیں ہونگے جن سے بے شمار افراد کا روزگار وابست ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری صوبے میں مزید منظم اور ہم آہنگ کاروباری ماحول پیدا کرنے کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ کوئی ایسا حل نکالے گی جو قانون کی حکمرانی اور کاروباری برادری کی فلاح و بہبود دونوں کو کا خیال رکھے گا۔