بھٹو کے قاتل جج تھے،پرانی سیاست کو دفن نہ کیا تو ملک نہیں چلے گا،بلاول

لاہور (سٹاف رپورٹر)سابق وزیر خارجہ وچیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے بھٹو کے قاتل ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے جج صاحبان تھے، پرانی روایتی سیاست کو دفن کرنا ہو گا، پرانی سیاست کریں گے تو جو بھی وزیراعظم بنے گا ملک نہیں چلے گا۔

لاہور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاایک بار پھر موقع دینے پر لاہورہائی کورٹ بار کا شکرگزار ہوں، کہا جاتا ہے جو قاتل ہوتا ہے وہ ہمیشہ جائے وقوعہ پر واپس لوٹتا ہے مگر لاہور ہائی کورٹ میں 2 مظلوم، متاثرہ نسلیں انصاف مانگنے کےلئے آتی رہی ہیں،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سمیت تمام جج صاحبان کا شکر گزار ہوں صدر زرداری کے 12 سال پہلے بھیجے گئے ریفرنس پر سماعت ہورہی ہے ،امید ہے اتنے سال بعد قائد عوام کو انصاف ملے گا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا جج صاحبان اپنے فیصلوں سے وہ داغ دھوئیں گے صرف اس لیے نہیں مجھے، میرے خاندان اور کارکنوں کو انصاف دیں گے بلکہ اس لیے وہ ایک اور پتھر پر لکیر کھینچےں گے کہ آج کے بعد کسی وزیر اعظم کےساتھ ایسا سلوک نہیں ہونا چاہیے،بلاول بھٹو نے کہاملک میں سیاست کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کردیا گیا، بانی پی ٹی آئی کا ذاتی دشمنی میں سب سے بڑا کردار تھا۔


بلاول بھٹو نے کہا پرانی سیاست کریں گے تو جو بھی وزیر اعظم بنے گا ملک نہیں چلے گا،زبردستی جیئے بھٹو کے نعرے نہیں لگواو¿ں گا بس چاہتا ہوں آپ مانیں میں بھی محب وطن پاکستانی ہوں، آپ کے سیاسی لیڈر سے اختلاف کرسکتا ہوں لیکن عزت کرتا ہوں۔

سابق وزیر خارجہ نے مزید کہاایک دوسرے کو گالی ،جیل بھیجنا کا میابی نہیں،کوئی وقت کاامیر المومنین اورکوئی طاقت کو ٹائیگر فورس میں تبدیل کر نا چاہتا ہے ایسے ملک نہیںچلے گا،سیاسی جماعتیں دائرے میں رہ کر کام کریں تو ملکر باقی اداروںکو بھی اس پر لےکر آ سکتے ہیں ،ملک کو نئی سیاست اور نئی سمت کی ضرورت ہے۔