اسلام آباد (بیورو رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے آئندہ عام انتخابات میں پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج کی موجودگی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن میں فوج کو آن کال ہونا چاہیے اور جہاں ضرورت پڑے وہاں طلب کر لیں ،بلاضرورت تناو¿ کا ماحول بنانا مناسب نہیں ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہماری انتخابات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں، حلقوں میں امیدواروں کا چناو کر کے انتخابی منشور تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی جماعتیں جنہوں نے ایک بار نہیں بار بار حکومت کی ہے وہ ناکام ہو چکی ہیں اور بے نقاب ہوچکے ہیں تو اب ہمارے لئے مناسب موقع ہے کہ عوام کو ایک متبادل چوائس ملے اور جماعت اسلامی اس وقت میدان میں کھڑی ہے۔لیول پلیئنگ فیلڈ کے حوالے سے سراج الحق نے کہاکہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ سب کو یکساں ماحول مہیا کیا جائے، اس الیکشن پر لوگوں کا اعتماد ہو، اسی صورت میں لوگ گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالنے کیلئے قطاروں میں کھڑے ہوں گے اور انتخابات کے نتائج کو قبول کریں لیکن اگر قبل از وقت الیکشن پر اس طرح کے اعتراضات اٹھائے جاتے ہیں تو پھر نتائج بھی متنازع ہوں گے۔
فوج کو پولنگ سٹیشن کے اندر، باہر کھڑا کرنے کے بجائے آن کال رکھیں: سراج الحق



















