اسلام آباد(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیخلاف درخواستوں پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نے سماعت کی،پی ٹی آئی وکیل بیرسٹر علی ظفر نے اپنے دلائل میں کہا الیکشن کمیشن نے 20 روز میں انتخابات کرانے کا کہا ،آرڈر کے تحت الیکشن کرائے،چیئرمین کا عہدہ 5 سال اور پینل کا 3 سال کا الیکشن ہوتا ہے، جہاں بلامقابلہ الیکشن ہوتا ہے وہاں ووٹنگ کی ضرورت نہیں ہوتی، عام انتخابات بھی بلامقابلہ ہوتے ہیں، بلامقابلہ الیکشن غیر قانونی نہیں ،انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا طریقہ کار آئین، الیکشن ایکٹ اور الیکشن رولز میں درج نہیں ، الیکشن ایکٹ میں انٹر پارٹی الیکشن کرانے کا معاملہ پارٹی پر چھوڑا گیا ،آئین میں صرف ہے الیکشن خفیہ رائے شماری سے ہو۔
علی ظفر نے کہا انٹرا پارٹی الیکشن میں الیکشن کمیشن ریگولیٹر نہیں لہٰذا ادارے کے پاس الیکشن تنازع نہیں لایا جا سکتا،الیکشن ایکٹ انٹراپارٹی الیکشن اور ممبرشپ کی بات کرتاہے، ہر کوئی پارٹی ممبر نہیں، ووٹر، سپورٹر اور ممبر میں فرق ہے، ممبر وہ ہے جو پارٹی میں شمولیت اختیار کرے اسے ممبرشپ کارڈ دیا جاتا ہے لیکن پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کےخلاف جن لوگوں نے درخواستیں دیں ان میں سے کوئی ایک بھی پارٹی کا ممبر نہیں ۔
چیف الیکشن کمشنر نے بیرسٹر علی ظفر سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کہہ رہے ہیں درخواست گزار پی ٹی آئی کے ممبر نہیں ،ممبر الیکشن کمیشن نے کہا آپ کہہ رہے یہ نظریہ ضرورت کے تحت ہوا، اعلان سے کوئی چیئرمین بن سکتا ہے؟،بیرسٹر علی ظفر نے کہارول میں ہے سیٹ خالی ہو اور وقت کم ہو تو سیکرٹری جنرل چیف الیکشن کمشنر نوٹیفائی کرتا ہے، ممبر الیکشن کمیشن نے کہا جو آرڈر دیا تو اس میں چیئرمین و سیکرٹری جنرل نہیں رہے، آپ کے عہدیدار ختم ہو گئے، عبوری دور میں کون چیئرمین تھے۔
پی ٹی آئی وکیل نے کہا قانون کے تحت پرانے چیئرمین ہی رہیں گے، ابھی صدر مملکت کی مدت ختم ہوئی لیکن آئین کے تحت وہ اب بھی صدر ہیں، ضرورت نہیں تھی لیکن پھر بھی الیکشن شیڈول سب آفسزکے باہر لگا دیا،ممبر کمیشن نے استفسار کیا سارے ملک کے الیکشن پشاور میں ہوئے۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہر پارٹی کا الیکشن ایک ہی جگہ ہوتا ہے، پی ٹی آئی الیکشن شیڈول میڈیا میں آیا، نومبر 30 کو الیکشن کمیشن کو بھی ارسال کر دیاپولنگ کے دن سکیورٹی فراہم کی جائے، 8 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 6 لاکھ سمندر پار پاکستانی ہیں، کسی نے کاغذات نامزدگی نہیں لیے اور کسی نے پارٹی چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ نہیں کیا، نہیں کہہ سکتے آو¿ آکر الیکشن لڑو، الیکشن لڑنا رضاکارانہ ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا آپ تو جلسے بھی نیٹ پر رکھتے ہیں، سکندر سلطان راجہ کے ریمارکس پر الیکشن کمیشن میں قہقہے لگ گئے،الیکشن کمیشن میں درخواست گزاروں کے جواب الجواب مکمل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کےخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

















