صبح وزیراعظم تھا شام میں ہائی جیکر بنا دیا گیا،نوازشریف

لاہور(خبر نگار)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نواز شریف نے کہاہے آر ٹی ایس بٹھا کر لائی گئی حکومت ایک موٹروے نہ بناسکی،صبح وزیراعظم تھا شام میں ہائی جیکر بنا دیا گیا،میرے اوپر آئین و قانون توڑنے یا ملکی مفاد کےخلاف کام کرنے کا کوئی الزام نہیں ، آئین کی پاسداری ،رکھوالی کی،اتنی دیر حکومت میں نہیں رہا جتنا وقت ملک بدری ، جیلوں میں گزارا ،کہتے تو ہیں کراچی میں امن نواز شریف نے قائم کیا لیکن جب ووٹ کی باری آتی ہے تو کہیں اور چلا جاتاہے ،ن لیگ کے دور میں خطے کے باقی ممالک پیچھے تھے لیکن آج سارا کچھ ریورس ہو گیا ،بس نظر کھا گئی ،خود بھی اپنے ساتھ اتنے مخلص نہیں جتنا ہونا چاہیے ،اتنی اتنی بڑی نا انصافی ہوتی ہے لیکن خاموشی سے سہ جاتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمانی بورڈ میں کراچی سے امیدواروں کے انٹر ویوز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نوازشریف نے کہاکام ہم کریں اور ووٹ کسی اور کو، کراچی ،چترال والے بتائیں ناانصافی نہیں؟ ،آئین و قانون پر چلنے والوں کو راستے سے ہٹا دیا جاتا ہے،وہم و گمان میں نہیں تھا بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کردیا جائےگا، تقریباً ایک لاکھ روپے تنخواہ نہ لینے پر مجھے فارغ کیا گیا، مقصد صرف وزیراعظم کو نکالنا اور سلیکٹڈ کو لانا تھا،قائد ن لیگ نے کہاصبح وزیراعظم تھا اور شام میں ہائی جیکر بنا دیا گیا، آئین و قانون میں گنجائش نہ ہونے کے باوجود وزیراعظم کو نکالاگیا،بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ،سی پیک پاکستان آرہا تھا، کہا جارہا تھا پاکستان جی 20 میں شامل ہوجائے گا، آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا ،غیر ملکی قرضے واپس کررہے تھے، اپنے دور میں قرضے لیے نہیں واپس کیے ،پاکستان میں وہ کام کرسکتے ہیں جو دوسری قومیں نہیں کرسکتیںبس نظرکھاگئی۔

نوازشریف نے کہا میرے اوپر جھوٹے مقدمے کئے گئے ،150پیشیاں بھگتیں، بیٹی نے بھی پیشیاں بھگتیں ، بھائی پر جھوٹے کیس بنے ، پارٹی کے لوگوں پر جھوٹے کیسز بنائے گئے ، رانا ثنا پر ہیروئن کا مقدمہ بنا دیا، اتنا جھوٹ پرچے پر خدا کا خوف کرو ، گاڑی سے ہیروئن نکلی کہاں ہیں ثبوت ، کیس کو بھی جج نے اٹھا کر باہر پھینکا ، مقدمہ بنانا ہے یہ تو نہ بناﺅ ، کیابھینس چوری کرنے والے نظر آتے ہیں،بھینس چوری کا مقدمہ بن رہا ہے ،بھینس چرائی نہ کبھی سوچا ۔