لاہور میں ترقیاتی فنڈزکے ٹینڈر منسوخ نہ ہونا انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان

لاہور (خبر نگار) عام انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد بھی لاہور کے متعدد حلقوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز کے ٹینڈر منسوخ نہ ہو سکے جس کے باعث آزادانہ اور شفاف الیکشن کاا نعقاد خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ لاہور ڈپٹی کمشنر رافعہ حیدر جو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر بھی ہیں، نے 2 ارب 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کے اشتہار جاری کر رکھے ہیں مگر الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کے بعد بھی مذکورہ ٹینڈرز پر عملدرآمد روکنے کے حوالے سے تا حال نظر ثانی نہ کی جاسکی جس سے ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مخصوص پارٹی کوالیکشن مہم میں سہولت فراہم کی جائےگی۔ دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ ترقیاتی کاموں کے ذریعے 40 سے 45 کروڑ روپے کی دیہاڑی لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اشتہار کے مطابق 27، 28،29 اور 30 دسمبر کو ٹینڈرز کھولے جانے ہیں۔ حالیہ ترقیاتی کاموں کے ذریعے لمبی دیہاڑی لگانے کا منصوبہ تو ایک طرف مگر اربوں روپے کے فنڈز کا منہ کھولنے کی وجہ سے آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کوجو نا تلافی نقصان پہنچانے کی کوشش ہوئی ہے اسکا ازالہ مذکورہ ٹینڈرز پر فی الفو رعملدرآمد روکنے سے ہی ممکن دکھائی دے رہا ہے۔