دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے: سرفراز بگٹی

اسلام آباد (مشرق نیوز) نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ اسلام آباد میں وزیر توانائی محمد علی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ یوریا کھاد کے حوالے سے مصنوعی بحران پیدا کیا جا رہا ہے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیوں سے بحران کا خاتمہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوز دوبارہ سر اٹھا رہے ہیں جس وجہ سے قیمتوں میں اضافہ ہوا، مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، قانون کے مطابق ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی کی جائیگی۔

وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ کسانوں کیلئے کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ملکی ضرورت کے مطابق کھاد درآمد کر لی گئی ہے، اس سال کھاد کا کوئی پلانٹ بند نہیں کیا جا رہا، سبسڈی کا براہ راست فائدہ کسانوں کو پہنچایا گیا۔