موٹر سائیکل رکشہ سائز ،ڈیزائن کے مطابق تبدیلی کیلئے 4 ماہ کی مہلت

لاہور (خبرنگار) پنجاب کی نگراں کابینہ کی جانب سے موٹر سائیکل رکشے کو واضح کردہ سائز اور ڈیزائن کے مطابق تبدیلی کیلئے 4 ماہ کی مہلت دی گئی ہے، 4 ماہ بعد موٹر سائیکل رکشہ فٹنس سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد رجسٹریشن نمبر حاصل کر سکے گا۔نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں موٹر سائیکل رکشے کو قانونی حیثیت دینے کیلئے موٹر وہیکلز رولز 1969 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ موٹر سائیکل رکشہ کو تھری ویلر کے طور پر رجسٹر کیا جائیگا۔فیصلہ کیا گیا کہ موٹر سائیکل رکشہ کی عارضی رجسٹریشن کیلئے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو سپیشل رجسٹریشن اتھارٹی کا درجہ دیا جائے گا۔پنجاب کابینہ کے اجلاس کے دوران موٹر سائیکل رکشے کی رجسٹریشن کا عمل آسان تر اور فارم اردو میں شائع کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں پنجاب میں 18بڑے روڈز انفرااسٹرکچرز کو مستقل طور پر محفوظ بنانے کی بھی منظوری دی گئی، جس کے بعد 18بڑی شاہراہوں سے حاصل کردہ ٹول کو متعلقہ سڑک کی تعمیر و مرمت پر ہی خرچ کیا جا سکے گا۔پنجاب کابینہ نے 18بڑی سڑکوں کے ٹول کی رنگ فنشنگ، ڈیرہ غازی خان کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کو میڈیکل انسٹیٹیوشن کا درجہ دینے، ڈیرہ غازی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی مینجمنٹ کیلئے انتظامی کمیٹی کی منظوری دیدی۔نگراں کابینہ نے رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ میں نرسنگ کالج کے قیام کیلئے ضروری اقدامات اور نرسنگ کالج کے آپریشنل اخراجات کیلئے بھی ایک ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔اجلاس میں مظفر گڑھ کے رجب طیب اردوان اسپتال میں نرسنگ کلاسز جلد شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئیں۔دوسری جانب ساہیوال میں رحمت اللعالمینؓ بلاک کو ساہیوال انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں تبدیل کرنے کی بھی منظوری دی گئی، ساہیوال میں 180بیڈز کا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی جلد فنکشنل کیا جائے گا۔کابینہ کے اجلاس میں داتا دربار کی تعمیر و مرمت اور توسیع کے پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی۔نگراں کابینہ کے اجلاس میں پولیس رولز کی ذیلی شقوں میں ترامیم کی منظوری سمیت مینجمنٹ پے اسکیلز 2023 کو وفاقی حکومت کے برابر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ دریں اثناءنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس ایپ کا افتتاح کردیا۔ لاہور میں وزیراعلی آفس میں آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس ایپ کی افتتاحی تقریب ہوئی،تقریب میں صوبائی وزیراطلاعات عامرمیر،آئی جی پنجاب عثمان انور نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب میں وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ پٹرولنگ پوسٹس،خدمت مراکز اور تھانوں پر لرننگ لائسنس کی سہولت دے رہے ہیں،شہری گھر بیٹھے آن لائن لرننگ لائسنس کی سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔تھانوں کے فرنٹ ڈیسک پرلرنر لائسنس کی سہولت کا آغاز بھی کردیا ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی ازسر نو تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے تختی کی نقاب کشائی کی اور کرین کے ذریعے ہسپتال کی پرانی عمارت کی دیوار گرا کر تعمیراتی کام کا آغاز کیا۔لیڈی ولنگڈن ہسپتال 1930 میں قائم کیا گیا تھا۔لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی عمارت کو3بار خطرناک قرار دیا گیا۔لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو ہو گی اور230 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایا جائے گا۔لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نوکے منصوبے پرتقریباً 8ارب روپے لاگت آئیگی۔ ہسپتال کی نئی عمارت 2لاکھ 50ہزار سکوائر فٹ پرمحیط ہو گی۔ہسپتال کی نئی عمارت کا ڈیزائن انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب نے تیار کیا ہے جبکہ ایف ڈبلیو او تعمیراتی کام سرانجام دے گا۔وزیراعلی محسن نقوی کو لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزرا ڈاکٹر جاوید اکرم،عامر میر،اظفر علی ناصر،ڈاکٹر جمال ناصر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،ایف ڈبلیو او کے بریگیڈئر جمال معروف،سیکرٹریز صحت، تعمیرات ومواصلات، اطلاعات،خزانہ،ہاسنگ،کمشنر لاہورڈویژن، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی، چیف ایگزیکٹو آفیسرمیو ہسپتال، ایم ایس لیڈی ولنگٹن ہسپتال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی از سرنوتعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے اہم خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی سہولت چاہیں گے ہم ہسپتالوں کو دیں گے،ڈاکٹرز کو فکس کرنے کی بجائے اپنی کوتاہیاں سدھار رہے ہیں۔ جب تک ڈاکٹر حق حلال کماناشروع نہیں کریں گے،جب تک ڈاکٹرز تنخواہ اتنی لیں گے جتنا وہ کام کررہے ہیں،شعبہ صحت درست نہیں ہو سکتا۔یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ 10،15دن کام نہ کریں اور تنخواہ پوری لیں،یہ حرام کی کمائی ہے،یہ حلال کی کمائی نہیں ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ آپ جو مرضی کہہ لیں اگر ہم اپنی ڈیوٹی کررہے ہیں چاہے وہ مزدور ہے،چاہے وہ سی ای او ہے،چاہے وہ سیکرٹری ہے یہ کوئی بھی ہے،اگر آپ کام کررہے ہیں تو ہی آپ کی تنخواہ حلال ہے۔ہر بندہ حلال وحرام کی بات کرتا ہے یہ ممکن نہیں کہ آپ کام نہ کریں اور تنخواہ لے لیں اور کہیں کہ یہ حق حلال کی کمائی ہے،یہ کسی صورت حق حلال کی کمائی نہیں ہے۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ ایسے شعبوں میں جہاں لوگوں کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے،وہاں پر آپ ڈنڈی ماریں اپنے کام میں،یہ کسی صورت درست نہیں۔ہرپروفیشن اور زندگی میں اونچ نیچ آتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ حرام کھانا شروع کر دیں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی ہم سب کو حق حلال کی کمائی کھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ہم نے جو فرض سمجھا ہم کررہے ہیں،ڈاکٹرز حضرات سے یہ اپیل ہے آپ لوگ وہ کام کریں جو آپ کا فرض ہے۔جو میرا کام ہے وہ مجھے کرنے دیں،جو آپ کا کام ہے وہ آپ کریں۔ہر ایک اگر اپنا اپنا کام کرے گا،دوسرے لوگوں کے کاموں کی فکر نہیں کرے گا،ٹھیکیدار نہیں بنے گاتو اس ملک کی ہر چیز ٹھیک ہو جائیگی۔