بجلی چوروں کیخلاف آپریشن،مزید 339 گرفتار، نادہندگان سے ایک کروڑ 70 لاکھ وصولی

لاہور (خبرنگار) وزارت توانائی پاور ڈویژن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہیں۔ ترجمان لیسکو کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق81 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک15039ملزمان کو گرفتار کیا گیا،مجموعی طور پر31106ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،30726 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے30726درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔بجلی چوروں کو اب تک 53,723,131 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2,150,209,293 ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائی گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ واضح رہے بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔ لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہیگا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔ دریں اثناءلیسکو چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر کی ہدایت پرڈائریکٹر کسٹمرسروسز رائے اصغر کی زیرنگرانی نادہندگان کے خلاف مہم جاری، اس سلسلے میں چیف انجینئرز تحصیل داروں کی معاونت سے ریکوری کو بہتر سے بہترین کر رہے ہیں۔ 77 روز سے جاری مہم کے دوران45751 ڈیفالٹرز سے1ارب42کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کر لی گئی۔ دوسری طرف ترجمان لیسکو کے مطابق کینال روڈ سب ڈویژن کی ٹیم نے ایس ڈی او سلمان سموئیل کی سربراہی میں بھیکے وال گاو¿ں میں سرچ آپریشن کیا ، اس دوران 4 کوارٹر بجلی چوری کرتے پکڑے گئے ، ملزمان لیسکو کی ٹرانسمیشن لائن سے کنڈا لگا کر بجلی چوری کر رہے تھے ، لیسکو ٹیم نے غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے کی کوشش کی تو ملزمان کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی جبکہ اس موقع پر ملزمان نے لیسکو ٹیم کو ہراساں کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ بھی کی جس کے بعد لیسکو ٹیم کی جانب سے پولیس کو طلب کیا گیا تاہم پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی ملزمان نے غیر قانونی کنکشن منقطع کردیا۔ لیسکو کی جانب سے ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کروادیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ بجلی چوری میں ملوث عناصر قومی مجرم ہیں انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جائیگا، خاص طور پر فرائض کی انجام دہی میں خلل دالنے والے عناصر کو ہر صورت قانونی کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔