ہنرمند افراد کیلئے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پیدا کرینگے:جواد سہراب ملک

ریاض (مشرق نیوز) سعودی عرب، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک نے ایف این آر سی او اور مہارہ کے ساتھ لیٹرز آف انٹنت پر دستخط کئے جن کا مقصد تعاون کو تقویت دینا اور سعودی عرب میں بڑے پیمانے پر مختلف منصوبوں کیلئے پاکستانی کارکنوں اور پیشہ ور افراد کی بھرتی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ دستخط شدہ معاہدوں میں پاکستان میں تربیتی اور واقفیت کے مراکز کے قیام کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے جو سعودی لیبر مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق مہارت کی ترقی کی ضروریات کو پورا کریں گے۔امید کا اظہار کرتے ہوئے، معاون خصوصی، جواد سہراب ملک نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تعاون ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے، جس سے پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت کیلئے بھرتی کی راہیں ہموار ہونگی۔ انہوں نے پاکستانی افرادی قوت کو سعودی عرب کے وژن 2030 کے مقاصد میں حصہ ڈالنے کے مواقع فراہم کرنے سمیت دونوں ممالک کے باہمی فائدے پر زور دیا۔ ایف این آر سی او سعودی عرب کی ایک ممتاز کمپنی ہے جو انتظامی حل اور پراجیکٹ مینجمنٹ میں مہارت رکھتی ہے اور اس کی توجہ اعلیٰ تعلیم یافتہ انسانی وسائل کی بھرتی پر ہے۔ فی الحال سعودی عرب کے بڑے منصوبوں میں مصروف ہے، بشمول نیوم پروجیکٹ، ایف این آر سی او سعودی جاب مارکیٹ میں ایک اہم کھلاڑی کے طور پر جانا جاتاہے۔دریں اثنامہارہ ہیومن ریسورس کمپنی سعودی عرب میں انسانی وسائل کے حل فراہم کرنے والی سب سے بڑی کمپنی ہے اور بھرتی، عملہ، پے رول، آوٹ سورسنگ اور تربیت جیسی خدمات کی ایک جامع رینج پیش کرتی ہے۔ ایک کامیاب ٹریک ریکارڈ کے ساتھ، مہارہ نے سعودی عرب میں بڑے اداروں کے ساتھ تعاون کیا ہے، بشمول سعودی آرامکو، ایس اے بی آئی سی، اور ایس ٹی سی۔ پاکستان کے ساتھ ایف این آر سی او اور مہارہ کی شراکت داری ایک سٹرٹیجک اقدام کی نشاندہی کرتی ہے جو دونوں ممالک کے فائدے کیلئے افرادی قوت کی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی۔