صدر، الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے8فروری کی تاریخ دےکر خود کو آئینی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا :جسٹس اطہر

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) انتخابات میں تاخیر سنگین آئینی خلاف ورزی ہے۔ صدر، الیکشن کمیشن نے 8 فروری کی تاریخ دےکر خود کو آئینی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے عام انتخابات کیس میں 41 صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ جاری کردیا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہاپاکستانی ووٹرز کو انتخابی عمل سے باہر رکھنا بنیادی حقوق کے منافی ہے، آئین و قانون کے برخلاف نگران حکومتوں کے ذریعے امور چلائے جا رہے ہیں، قومی اسمبلی کی تحلیل کے بعد عام انتخابات 7 نومبر تک ہونا آئینی تقاضا ہے، انتخابات کی تاریخ دینا آرٹیکل 48 شق 5 کے تحت صدر کا ہی اختیار ہے، یقینی بنانا صدر کی ذمہ داری تھی پاکستانی ووٹ کے حق سے 90 دن سے زیادہ محروم نہ رہیں، الیکشن کمیشن، صدر نے 8 فروری کی تاریخ دےکر خود کو آئینی خلاف ورزی کا مرتکب ٹھہرایا، 90 دن سے زیادہ تاخیر آئین معطل کرنے کے مترادف ہے، اضافی نوٹ میں کہا گیا 90 دن میں انتخابات نہ کرانے کی آئینی و عوامی حقوق کی خلاف ورزی اتنی سنگین ہے اسکا کوئی علاج نہیں، سیاسی جماعت بنانا، سیاسی کا رکن ہونا اور انتخابات لڑنا آئینی حق ہے، گورنر خیبر پختونخوا نے 90 روز میں انتخابات کی تاریخ نہ دیکر آئینی خلاف ورزی کی، کے پی اور پنجاب کے دونوں گورنرز نے آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں، معاملے پر الیکشن کمیشن متحرک ہوا نہ ہی صدر مملکت نے موثر انداز میںذمہ داری نبھائی۔ صدر، گورنرز اور الیکشن کمیشن آئینی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہے، صدر یا گورنر انتخابات کی تاریخ دینے کی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کررہے تو الیکشن کمیشن کو اپنا کردار ادا کرنا تھا، الیکشن کمیشن کو آئین بچانے کےلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے تھا۔ صدر مملکت ،گورنر کو اپنے منصب کے مطابق نیوٹرل رہنا چاہئے، الیکشن کمیشن صدر یا گورنر کے ایکشن نہ لینے پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا انتخابات میں 90 دن سے اوپر ایک دن کی بھی تاخیر سنگین آئینی خلاف ورزی ہے۔ آئینی خلاف ورزی اب ہوچکی اور مزید ہونے سے روکا بھی نہیں جاسکتا، انتخابات کی تاریخ دینے میں صدر، الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری نہیں نبھائی، صدر انتخابات کی تاریخ نہ دیکر اپنی آئینی ذمہ داری ادا کرنے میں ناکام رہے، اضافی نوٹ میں مزید کہا گیا انتخابات سے عوام کو دور نہیں رکھا جاسکتا، وقت پر انتخابات نہ کرانا عوام کے بنیادی حقوق کےخلاف ہے، انتخابات نہ کرا کر عوام کے حقوق کی خلاف ورزی ثابت ہوچکی، 12 کروڑ 56 لاکھ 26 ہزار 390 رجسٹرڈ ووٹرز کو ووٹ دینے سے محروم رکھا گیا، انتخابات میں تاخیر روکنے کےلئے مستقبل میں ٹھوس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ہر عوامی عہدہ رکھنے والا آئین کے تحفظ کا حلف اٹھاتا ہے، لاہور ہائیکورٹ اپنے فیصلے پر عملدرآمد کیلئے کارروائی چلا رہی تھی لیکن سپریم کورٹ نے کیس خود چلانا شروع کردیا۔ صدر مملکت نے 2 فروری 2023 کو پنجاب میں انتخابات کی تاریخ دی جس سے لاہور ہائیکورٹ کی کارروائی متاثر ہوئی، عمل سے عیاں ہوتا ہے الیکشن کمیشن اور گورنر بامعنی انداز میں صدر سے مشاورت نہیں کی گئی، 4 ججوں نے متفقہ نوٹ میں سپریم کورٹ کا انتخاب ازخود نوٹس مسترد کیا۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہاآرٹیکل 224 اے کی خلاف ورزی کا تدارک ممکن ہے نہ ہی ناقابل احتساب ہے، 90 دن میں انتخابات نہ ہونے کے بعد ہرگزرنے والا دن آئینی خلاف ورزی میں شمار ہوگا، جبری گمشدگیاں کرنا ریاست کی غیراعلانیہ پالیسی بن چکی، شخصی آزادی، نجی گھروں میں تجاوز، صحافیوں، سیاسی ورکرز کےخلاف کارروائیاں معمول بن گئیں، ملک کی آئینی تاریخ بھی قابل تعریف نہیں رہی، سپریم کورٹ نے مولوی تمیز الدین کیس میں نظریہ ضرورت اپنایا، جج نہ ہی مسلح افواج کا کوئی افسر آئین سے بالا ہے۔ جج سپریم کورٹ نے کہا کئی جمہوری ریاستوں میں نگران حکومتوں کا کوئی تصور نہیں، نگران حکومتوں کے قیام کا مقصد صرف روزمرہ امورکی انجام دہی ہے۔ نگران حکومتوں کا مقصد نیوٹرل رہ کر شفاف انتخابات کےلئے سازگار ماحول بنانا ہے، انتخابات میں 90 دن سے زیادہ کی تاخیر آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے، انتخابات میں90 دن سے زیادہ تاخیر آئین معطل کرنے کے مترادف ہے۔ انتخابات میں تاخیر کے آئینی حق کی خلاف ورزی کا مداوا آرٹیکل 254 سے بھی ممکن نہیں، آئین کے تحت ملک منتخب نمائندے ہی چلاسکتے ہیں، آئین میں آئینی خلاف ورزی پر آرٹیکل 6 کا حل موجود ہے، انتخابات میں تاخیر پرکوئی شہری عدالت سے رجوع کرے تو داد رسی ہونی چاہئے۔ جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا الیکشن کمیشن تاخیرشدہ انتخابات کو شفاف و منصفانہ کرائے، الیکشن کمیشن یقینی بنائے تاخیرشدہ انتخابات میں کسی کو شکایت نہ ہو، الیکشن کمیشن نے انتخابات شفاف، منصفانہ نہ کرائے تو آئینی ذمہ داری کی ادائیگی میں ناکام ہوگا۔